شرپسندوں کے خلاف آرمی ایکٹ کے مطابق کارروائی کی جائے گی، مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا ہے کہ زمان پارک آج بھی مجرموں کی پناہ گاہ ہے، ان سب کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 9 مئی کو ہنگامہ آرائی اور آتشزدگی میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ 9 مئی ایک قومی سانحہ تھا، حساس تنصیبات پر منصوبہ بندی سے حملہ کیا گیا، شہداء کی یادگاریں جلا دی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے کہنے پر شرپسندوں نے املاک کو نقصان پہنچایا، شرپسندوں نے اسپتال، اسکول، ایمبولینسز کو جلایا، شرپسندوں سے کوئی رعایت نہیں کی جا سکتی۔
یہ بھی پڑھیے
چوہدری شجاعت حسین نے پی ٹی آئی پر پابندی کا مطالبہ کردیا
جہانگیر ترین نے 9 مئی کو جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ کی ذمہ دار پی ٹی آئی پر ڈال دی
وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلح افواج ہماری سرحدوں کی محافظ ہیں، شرپسندوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، املاک پر حملے کسی صورت برداشت نہیں کیے جا سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے قومی سلامتی کمیٹی نے واضح اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ زمان پارک مسلح گروہوں کی پناہ گاہ ہے، عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے گرفتار کیا گیا تو ردعمل ہو گا، شرپسندوں نے عام آدمی کی میٹرو بس کو بھی نقصان پہنچایا، عمران نے قوم کو فوج دشمنی پر اکسایا۔
سرکاری اور نجی املاک کے نقصان اور ہنگامہ آرائی پر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شرپسندوں نے وہ کر دکھایا جو بدترین دشمن بھی نہیں کرسکا، زمان پارک آج بھی مجرموں کی پناہ گاہ ہے، ان سب کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے ملک کی اینٹ سے اینٹ بجا دی، جس پر پڑوسی ملک میں شادیانے بج رہے ہیں ، یہ حملے میرے ملک اور آپ کے ملک پر حملہ ہے، ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں، لہٰذا ان تمام لوگوں کو ٹرائل کورٹ میں لایا جائے گا۔