رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز نے عمران ریاض کی گمشدگی خفیہ ایجنسی پر عائد کردی
رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز نے وزیراعظم شہباز شریف پر زور دیا ہے کہ بول نیوز کے اینکر پرسن عمران ریاض کو بازیاب کروایا جائے جسے فوج کی خفیہ ایجنسی نے اغوا کر رکھا ہے، آر ایس ایف نے افواج پاکستان پر کڑی تنقید بھی کی
رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز (آر ایس ایف) نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ 12 روز سے لاپتہ بول نیوز کے اینکر پرسن عمران ریاض کو فوری بازیاب کروایا جائے ۔
رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آر ایس ایف لاپتہ ٹی وی اینکر عمران ریاض کی زندگی کا خدشہ ہے، حکومت پاکستان اسے بازیاب کروائے ۔
یہ بھی پڑھیے
عمران ریاض کے بعد صحافی سمیع ابراہیم بھی گرفتار، اسلام آباد پولیس تصدیق سے گریزاں
آر ایس ایف نے کہا کہ حکومت پاکستان سے مطالبہ ہے کہ فوری طور پر یہ بتا کر قانون کی حکمرانی کے احترام کو یقینی بنائے کہ عمران ریاض کو کہاں رکھا گیا ہے۔
رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز کے اعلامیہ میں کہا گیا ہےکہ ٹی وی اینکر عمران ریاض کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچا تو اسکی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی ۔
آر ایس ایف کے مطابق11مئی کو پنجاب کے شہر سیالکوٹ کے ایئر پورٹ سے بول نیوز کے اینکر عمران ریاض کو گرفتار کیا گیا جس کے بعد سے وہ تاحال لاپتہ ہیں ۔
عمران ریاض کو سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے ردعمل میں بڑے پیمانے پر احتجاج کے درمیان تشدد کی روک تھام کے حکم کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔
آر ایس ایف کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عمران ریاض کی بازیابی کی سماعت کے دوران پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں رات ساڑھے 10 بجے رہا کردیا گیا تھا ۔
یہ بھی پڑھیے
عمران ریاض کو کچھ ہوا تو کسی کو بھی نہیں چھوڑونگا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ
رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران ریاض کو پاکستانی فوج کی خفیہ ایجنسی نے اغوا کیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف انہیں فوری طور پر بازیاب کروائیں۔
آر ایس ایف وزیراعظم پر زرو دیا کہ عمران ریاض کو فوج کی تحویل سے رہا کرنے کا حکم دیں ورنہ اسے پہنچنے والے تمام تر نقصانات کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی ۔
آر ایس ایف نے کہا کہ پاکستانی فوج ریاست کے اندر ریاست کے طور پر کام کرتی ہے جوکہ صحافیوں سمیت دیگر افراد کو اغوا کرکے انہیں تشدد کا نشانہ بناتی ہے ۔