وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کے صارفین پر مہنگائی کے بم برسا دیئے

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کے صارفین پر مزید بوجھ ڈالتے ہوئے متعدد اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کیا، شہد، مایونیز، کیچپ، ساسز سمیت کئی اشیاء 100 روپے تک مہنگی کی گئی ہیں، نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہوگا

وفاقی حکومت نے بجٹ سے قبل یوٹیلیٹی اسٹورز کے صارفین پر مہنگائی کے بم برسا دیئے۔ ملک بھر یوٹیلیٹی اسٹورز پر شہد کی 500 گرام کی بوتل پر 101روپے جبکہ ایک کلو مایونیز100 روپے تک مہنگا کردیا گیا

حکومت نے گزشتہ روز یوٹیلیٹی اسٹورز کے صارفین کیلئے تیل اور گھی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا تاہم آج حکومت نے انہیں صارفین پر مزید بوجھ ڈالتے ہوئے متعدد اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ۔

یہ بھی پڑھیے

حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کے صارفین کو تیل اور گھی کی قیمتوں میں بڑا ریلیف دے دیا

ذرائع کے مطابق حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان کے صارفین پر ایک بار پھرسے مہنگائی بم برسادیئے ہیں۔ بجٹ سے قبل یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف اشیاء  ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ۔

 

ذرائع نے بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر جیم کی450 گرام قیمت میں74روپے تک اضافہ کردیا گیا جبکہ شہد کی آدھا کلو کی بوتل کی قیمت 101 روپے تک بڑھا دی گئی ہے ،ایک کلو مایونیز بھی 100 روپے مہنگا کیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق ایک کلوچکن سپریڈ کی قیمت میں190روپے اور کیچپ کی800 گرام کی بوتل کی  قیمت79 روپے تک بڑھادی گئی ہے۔ مختلف عرق اور سیرپ بھی 20 سے 40 روپے تک مہنگے کیے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے صارفین کے لیے مختلف اقسام کے ساسز کے 800 گرام کے پیکٹس کی قیمتوں میں 79 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ ایک کلو اچار کی ریٹ بھی 80 روپے تک بڑھا دیئے  ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روزیوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان  نے ایک نوٹیفکیشن  جاری کیا تھا جس میں بتایا گیا کہ صارفین کے لیے  مختلف برانڈز کے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ایک کلو کوکنگ آئل کی قیمت میں 93 روپے کمی کی گئی ہے جبکہ گھی کی قیمت میں 68 روپے ریلیف فراہم کیا جارہا ہے۔  کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق گزشتہ روز  ہوا تھا ۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن  آف پاکستان  کے جاری کردہ  نوٹیفکیشن کے مطابق  کوثر گھی کا ایک کلو پیک 68 روپے کمی سے 517 روپے کا ہوگیا جبکہ اس سے قبل ایک کلو کا پیک 585 روپے میں دستیاب تھا ۔

متعلقہ تحاریر