حکومت کا 7 جولائی کو ’’یوم القرآن‘‘ منانے کا فیصلہ
دوسری جانب پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اعلیٰ ادارے کا ہنگامی اجلاس بلایا جارہا ہے۔
وفاقی حکومت نے گزشتہ ہفتے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر غم و غصے کا اظہار کرنے کے لیے 7 جولائی (جمعہ) کو یوم تقدس قرآن (قرآن پاک کی حرمت کے تحفظ کا دن) منانے کا اعلان کیا ہے۔
پارلیمنٹ 6 جولائی (جمعرات) کو اپنے اعلیٰ ترین نمائندہ فورم (قومی اسمبلی) کے ذریعے قوم کے دکھ ، صدمے اور غم سے آگاہ کرنے کے لیے مشترکہ اجلاس منعقد کرے گی اور قرآن پاک بے حرمتی کی مذمت کی قرارداد بھی منظور کرے گی۔
ان فیصلوں کا اعلان منگل کے روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد کیا گیا۔ اجلاس میں اس سنجیدہ معاملے پر تفصیلی غوروفکر کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں پیش آنے والے واقعے کی مذمت کے لیے جمعہ کو ملک بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیے
ای سی پی نے عام انتخابات 2023 کے لیے پولنگ اسکیم کا مسودہ تیار کر لیا
وزیر اعظم شہباز شریف نے تمام سیاسی جماعتوں سمیت قوم سے اپیل کی کہ وہ ’’شرپسند ذہنوں کو پیغام‘‘ دینے کےلیے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔
دوسری جانب پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اعلیٰ ادارے کا ہنگامی اجلاس بلایا جارہا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) صدر اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنان کو احتجاج میں بھرپور طور پر شرکت کرنے اور ریلیاں نکالنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قرآن پاک کی حرمت ہمارے ایمان کا اٹوٹ حصہ ہے اور تمام مسلمان سویڈن میں ہونے والی بے حرمتی پر غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ گمراہ کن لوگ اپنے مذموم مقاصد اور اسلامو فوبیا کو ہوا دینے کے لیے بعض عناصر کو استعمال کررہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ "امن اور بقائے باہمی پر یقین رکھنے والی قوموں اور رہنماؤں کو مسلمانوں کے خلاف نفرت کے بیج بونے والی پرتشدد قوتوں کو روکنے کی کوشش کرنی چاہیے۔”
انہوں نے کہا کہ مذاہب، مقدس شخصیات، عقائد اور نظریات کو نشانہ بنانے والے پرتشدد ذہنیت رکھنے والے عناصر اصل میں امن کے دشمن ہیں۔
وزیر اعظم شہباز نے امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کو عزیز رکھنے والی قوتوں پر زور دیا کہ وہ انسانیت کو شرپسندوں سے نجات دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔









