تجزیہ کاروں نے وزیراعظم سے آرمی چیف کے خلاف سوشل میڈیا مہم کے ثبوت مانگ لیے

وزیراعظم شہباز شریف نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آرمی چیف کو سوشل میڈیا مہم کے ذریعے قتل کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ اس پراکسی نے عمران خان کو مزید بے نقاب کردیا ہے۔ تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مہم میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) جنرل عاصم منیر پر قاتلانہ حملے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری ”خطرناک مہم“ کی شدید مذمت کرتے ہوئے زور دیا کہ ایسے اقدامات آزادی اظہار کے دائرے میں نہیں آتے۔ تاہم تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے پاس ایسے کیا ثبوت ہیں کہ انہوں نے آرمی چیف پر قاتلانہ حملے کی منصوبہ بندی کے حوالے سے اتنا لمبا چوڑا ٹوئٹ کردیا ہے۔

گذشتہ روز پرائم منسٹر ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے 9 مئی کو آتشزدگی کے واقعے کے پیچھے سازشی ذہنوں کی مذموم منصوبہ بندی کو مذموم مہم سے منسوب کیاتھا۔

یہ بھی پڑھیے 

9 مئی کے واقعات میں عمران خان کا ہاتھ نہیں، اسد قیصر نے پرویز خٹک کے دعوے کو مسترد کردیا

پاکستان اندھیرے کے آخری کنارے پر کھڑا ہے، عمران خان

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "میں 9 مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور ہینڈلرز کو واضح پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف ہر سازش کو کچل دیا جائے گا۔”

انہوں نے زور دے کر کہا کہ آرمی چیف اور مسلح افواج کے خلاف جاری میڈیا مہم اسی مذموم ایجنڈے کا حصہ ہے۔

متعلقہ اداروں کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر میڈیا مہم میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ اس طرح کے اقدامات آزادی اظہار کے دائرے میں نہیں آتے۔

انہوں نے آرمی چیف کے خلاف سوشل میڈیا مہم کو سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ریاست کا فرض ہے کہ ایسی مذموم سازش کو زبردستی روکے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں قوم کو یقین دلایا کہ جس طرح انہوں نے 9 مئی کو خانہ جنگی کی سازش کو ناکام بنایا تھا، اسی طرح اس گھناؤنی سازش کو بھی ناکام بنا دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ "ذہنی طور پر مایوس عناصر ملک میں نیا بحران پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں مگر انہیں ایسا کرنے کی قطعاً اجازت نہیں دی جاسکتی۔ قوم سے اپیل ہے کہ ایسے ایسے مذموم عزائم رکھنے والے عناصر کے خلاف متحد ہو جائیں۔

عمران خان کا وقت ختم ہو چکا ہے

بیان جاری ہونے کے بعد، وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی  ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ "پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان آرمی چیف کے خلاف ایک گھٹیا، مذموم اور بدنیتی پر مبنی مہم شروع کررکھی ہے۔”

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "آرمی چیف کو قاتلانہ حملے کی دھمکی دینے کے لیے پراکسی استعمال کرنے کی اس (عمران خان) کی چال بری طرح بے نقاب ہو گئی ہے۔

شہباز شریف نے لکھا ہے کہ "ریاستی تنصیبات پر منصوبہ بند حملوں میں ناکامی کے بعد وہ (عمران خان) واضح طور پر بے چین ہے اور اقتدار میں واپسی کے لیے پر ماررہا ہے۔ نیازی کو علم نہیں تھا کہ اس کی دھمکی، تشدد اور نفرت کی سیاست کا وقت ختم ہو گیا ہے۔”

وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ "پاکستان کے عوام اور سیاسی جماعتیں اپنے آرمی چیف اور مسلح افواج کے پیچھے چٹان کی طرح کھڑی ہیں اور ان کے وقار، عزت اور سالمیت کو مجروح کرنے کی کسی بھی کوشش اور سازش کو ناکام بنا دیں گے۔”

تبصرہ 

وزیراعظم شہباز شریف کے بیان اور ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے پاس کیا ایسے ثبوت ہیں کہ جس کی بنا پر انہوں نے آرمی چیف کی  قتل کی سازش کے حوالے سے اتنا لمبا چوڑا ٹوئٹ کردیا ہے۔ وہ ملک کے وزیراعظم ہیں اگر ان کے پاس ایسے ثبوت ہیں کہ آرمی چیف کے قتل کی سازش رچی جارہی ہے اور اس کے پیچھے عمران خان ہیں تو وہ ثبوت قوم کے سامنے رکھیں ، قوم خود عمران نیازی کا احتساب کرلی گی کیونکہ عام انتخابات کا مرحلہ آنے والا ہے۔

متعلقہ تحاریر