اسرائیل اور پی ٹی آئی کا اتحاد کھل کر سب کے سامنے آگیا ہے، شیری رحمان
وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ غیر ملکی فنڈنگ کیس میں اسرائیلیوں نے پی ٹی آئی کو چندہ دیا۔
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا کہ اسرائیل نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو عالمی فورم پر ’قابل اعتراض‘ جواب دے کر ’سپورٹ‘ کیا ہے۔ اسرائیل اور بھارت کی انتہائی دائیں بازو کی جماعتیں چیئرمین پی ٹی آئی کی حمایت کررہی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر شیریں رحمان نے اسلام آباد میں معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کے پیچھے کون سے عناصر تھے سب کچھ عیاں ہوچکا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے دہشتگردوں کی کبھی مذمت نہیں کی۔
اسرائیل اور بھارت پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیل کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے قتل عام کا مجرم اب پاکستان کو انسانی حقوق کا درس دے رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
لاہور ہائیکورٹ سے عمران خان کو بڑا ریلیف مل گیا، 7 مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عمران خان اور فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے
شیری رحمان نے مزید کہا کہ دنیا میں یہودی تنظیمیں بھی اسرائیل کے خلاف آواز اٹھا رہی ہیں اور کہا کہ پاکستانیوں، مسلمانوں، فلسطینیوں اور کشمیریوں کے خلاف زہر اگلا جا رہا ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور بھارتی حکومتیں اب کھل کر پی ٹی آئی کو دنیا بھر میں ہر فورم پر سپورٹ کر رہی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اب لوگ سمجھ گئے ہیں کہ پی ٹی آئی چیئرمین کو ’اسرائیلی ایجنٹ‘ کیوں کہا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 9 مئی کو شہداء کی یادگاروں کو بھی نہیں بخشا گیا اور سوال کیا کہ 9 مئی سے کس کو فائدہ ہوا جو اب سب کے سامنے ہے۔
شیری رحمان نے پی ٹی آئی کے وزیر کو ان کے ماضی کے بیان پر بے نقاب کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ پہلے تو عمران خان نے امریکن سائفر کی بات کی اور بعد میں انہوں نے امریکہ میں لابیسٹ کو لاکھوں ڈالر دیئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اسرائیل کے ساتھ تعلقات بنانے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
9 مئی کے فسادات کا فائدہ کس کو؟
شیری رحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے مضحکہ خیز سوالات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان کے ساتھ ممکنہ معاہدہ ختم کرنے کے لیے آئی ایم ایف کو خط لکھا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے میں درج غیر ملکی فنڈنگ کیس میں اسرائیلیوں نے پی ٹی آئی کو چندہ دیا۔