پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی آبادی والا ملک بن گیا، سالانہ 2.4 فیصد اضافہ ریکارڈ
پاپولیشن کونسل کا کہنا ہے کہ ہر سال 11,000 مائیں بچے کی پیدائش کے دوران مر جاتی ہیں۔ ہر 1000 میں سے 62 بچے 1 سال کا ہونے سے پہلے ہی مر جاتے ہیں۔
پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا آبادی والا ملک بن گیا ہے، جبکہ ہر سال ملک کی آبادی میں 2.4 فیصد اضافہ ہو رہا ہے، سالانہ 11 ہزار مائیں بچے کی پیدائش کے دوران مر جاتی ہیں۔
یہ حیران کن اعدادوشمار پاپولیشن کونسل کی جانب سے آبادی کے عالمی دن کے موقع پر جاری کیے گئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی آبادی تمام ایشیائی ممالک کے مقابلے میں تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
پاپولیشن کونسل کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہر سال، 11,000 مائیں بچے کی پیدائش کے دوران مر جاتی ہیں، جب کہ ہر 1,000 میں سے 62 بچے ایک سال کا ہونے سے پہلے ہی انتقال کر جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
UNHCR نے پاکستان میں 10 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کو نقد رقم فراہم کردی
نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کیلئے 3 ناموں پر غور، 2 نے معذرت کرلی، ذرائع
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اوسطاً ہر ماں چار بچوں کو جنم دے رہی ہے، جب کہ 40 فیصد بچے غذائی قلت کا شکار ہیں اور 29 فیصد کا وزن کم ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں میں سے 18 فیصد بڑھ نہیں رہے ہیں، کونسل نے رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کو 2040 تک 10 کروڑ سے زائد ملازمتوں اور 20 ملین گھروں کی ضرورت ہوگی۔
پاپولیشن کونسل نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا کہ آبادی میں اضافے کے باعث پاکستان کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
کونسل کا کہنا ہے کہ پاکستان کو 2040 تک مزید 85,000 پرائمری اسکولوں کی ضرورت ہوگی، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہر تین میں سے ایک بچہ اسکول نہیں جا رہا ہے۔
پاپولیشن کونسل نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ جہاں پاکستان کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے وہیں بھارت اور بنگلہ دیش اس پر قابو پا چکے ہیں۔
کونسل کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں 100 میں سے صرف 34 جوڑے مانع حمل ادویات استعمال کرتے ہیں، جب کہ پاکستان میں اوسطاً ہر شادی شدہ جوڑے کا ایک غیر منصوبہ بند بچہ ہے۔
مزید یہ کہ 20 سے 24 سال کی عمر کے 12 فیصد لوگوں کے پاس پاکستان میں ملازمتیں نہیں ہیں۔