القادر ٹرسٹ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 19 جولائی تک توسیع

احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر درخواست ضمانت پر حتمی دلائل طلب کر لیے ہیں۔

احتساب عدالت نے 19 کروڑ پاؤنڈز کے القادر ٹرسٹ کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 19 جولائی تک توسیع کردی۔

عدالت نے عمران اور بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر 19 جولائی کو حتمی دلائل بھی طلب کر لیے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عدالت میں پیش ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے 

دہشت گردی کے تین مقدمات میں عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ایک سال میں 8 ہزار سے زائد مقدمات کو نمٹایا

عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جو بعد میں منظور کر لی گئی۔

خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ 9 مئی سے متعلق بہت سے کیسز ہیں جس کی وجہ سے لاہور میں پیش ہونا ضروری ہے۔

فاضل جج نے وکیل سے کہا کہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی نیب میں جمع کرائیں۔

وکیل نے کہا کہ اگلی سماعت 19 جولائی کو ہے اور اس تاریخ کے لیے دلائل پیش کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کا کیس بھی زیر التوا ہے۔

فاضل جج محمد بشیر نے ریمارکس دیے کہ میاں بیوی دونوں کی ضمانت کے مقدمات ایک ہی تاریخ کو طے ہو سکتے ہیں۔

جس کے بعد احتساب عدالت نے کیس کی سماعت 19 جولائی تک ملتوی کردی۔

توشہ خانہ کیس میں بھی عبوری ضمانت میں 19 جولائی تک توسیع کر دی گئی۔

متعلقہ تحاریر