واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کی تاریخی عمارت 7.1 ملین ڈالر میں نیلام ہو گئی

عمارت کو پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت عبدالحفیظ خان نے کامیابی بولی کے بعد خریدا ہے۔

واشنگٹن میں پاکستانی قونصل خانے کی طویل عرصے سے غیر استعمال شدہ عمارت بالآخر جمعرات کے روز نیلامی کے ذریعے فروخت کر دی گئی۔

یہ پراپرٹی پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت عبدالحفیظ خان نے کامیابی بولی کے بعد خریدی ، انہوں نے عمارت کی 7.1 ملین ڈالر کی بولی لگائی تھی۔

واشنگٹن میں پاکستانی قونصل خانے کی عمارت کی فروخت کی باضابطہ منظوری وفاقی کابینہ نے دی تھی۔

یہ بھی پڑھیے 

معیشت خطرے سے نکل گئی ہماری حکومت آئندہ ماہ ختم ہو جائے گی، وزیراعظم

سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں سے متعلق کیس کی سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دے دیا

واشنگٹن کے والڈورف آسٹوریہ ہوٹل میں منتقلی کی تقریب ہوئی جس میں پاکستانی سفیر مسعود خان، کانگریس ویمن جیسمین کروکٹ، کانگریس مین گریگوری میکس اور سابق کانگریس ویمن ایڈی برنیس جانسن نے شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستانی نژاد بزنس مین عبدالحفیظ نے اپنی بولی قبول کرنے پر سفیر اور کابینہ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی نژاد فرد ہونے کی حیثیت سے ان کے لیے ایک ایسی عمارت کا مالک ہونا فخر کی بات ہے جس نے کئی دہائیوں سے پاکستان کی کمیونٹی کی خدمت کی ہے۔

اس عمارت کو فروخت کرنے کے فیصلے کی منظوری گزشتہ سال نومبر میں کابینہ نے دی تھی، کیونکہ یہ پراپرٹی 20 سال سے زائد عرصے سے غیر استعمال شدہ تھی۔

وفاقی کابینہ کو بریفنگ میں بتایا گیا تھا کہ عمارت کی سفارتی حیثیت ختم ہونے سے اس پر ٹیکس کا بوجھ بھی بڑھ رہا تھا، اور عمارت کی دیکھ بھال کا خرچ پاکستانی ٹیکس دہندگان پر پڑرہا تھا۔

واشنگٹن میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ عمارت کا معاملہ کامیابی سے حل ہو گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اس لین دین کے ساتھ کوئی دوسری عمارت فروخت نہیں کی جا رہی ہے۔

متعلقہ تحاریر