نگراں وزیراعظم کے نام کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، خواجہ محمد آصف
وزیر دفاع کے بیان کے اسحاق ڈار کے نام کے حوالے میڈیا پر چلنے والی خبریں اپنی موت آپ مر گئیں۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا ، صرف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں ، مختلف میڈیا ہاؤسز اپنی اپنی اپروچ کے مطابق اسپیکولیشنز کررہے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وزیر دفاع کے بیان کے بعد قیاس آرائیوں پر مبنی خبریں اپنی موت آپ مر گئی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ خبر ایک معتبر صحافی نے لیک کی، لیکن اس میں کوئی صداقت نہیں۔
یہ بھی پڑھیے
قائمہ کمیٹی نے اسلامیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی ہدایت کر دی
الیکشن کمیشن سے چیئرمین تحریک انصاف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا رپورٹس کی تردید کی ہے کہ حکومت وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو نگراں وزیراعظم بنانے پر غور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پر کام شروع بھی نہیں ہوا ہے اور انہیں اس کا علم بھی نہیں ہے۔
خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ انہیں ڈار کے نگراں وزیراعظم بننے پر کوئی اعتراض نہیں ہے، لیکن وہ اسے اچھا خیال نہیں سمجھتے کیونکہ نگراں وزیراعظم کے عہدے کے لیے ایک نیوٹرل شخص ہونا چاہیے جبکہ اسحاق ڈار موجودہ وزیر خزانہ بھی ہیں اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما بھی ہیں۔ اس لیے ان کا نگراں وزیراعظم بننا اخلاقی طور پر درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار ان کے اچھے دوست ہیں اور مشرف دور میں دونوں نے ساتھ جیل بھی گزاری ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ حکمران جماعت سے نگران وزیراعظم آیا تو لوگ اعتراض کریں گے۔
نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے کیے گئے سوال پر خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ نواز شریف ضرور وطن واپس آئیں گے، اس میں کوئی شک نہیں۔ مگر ابھی ان کے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں بنی ہے، جیسے ہی لیول پلیئنگ فیلڈ تیار ہو گی وہ وطن واپس آجائیں گے۔