برنس روڈ کراچی کی قدیم عمارتوں پر رنگ و روغن کے خلاف اقدامات

وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ نے معاملے کا نوٹس لے کر کمیٹی تشکیل دے دی جو تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرے گی۔

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے علاقے برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ پر قائم پرانی عمارتوں کو رنگ کر کے اُن کی اصل شکل ختم کردی گئی ہے۔ صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت و نوادرات سید سردار علی شاہ نے معاملے کا نوٹس لے کر کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

سندھ کے وزیر ثقافت سردار شاہ کا کہنا ہے کہ کچھ عمارتیں تاریخی ورثہ ہیں جن پر بغیر اجازت رنگ کیا گیا ہے تاہم پرانی عمارتوں پر کیا گیا رنگ ختم کرکے اُن کے اصل رنگ میں واپس لایا جائے گا۔ چند حلقے ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کے بارے میں یہ کہہ رہے تھے کہ اِس پورے کام میں اُن کا دفتر بلواسطہ یا بلا واسطہ طور پر ملوث ہے۔

لیکن ڈپٹی کمشنرساؤتھ ارشاد علی سودھر نے برنس روڈ کے ساتھ ملحقہ ورثے کی عمارتوں پر رنگ و روغن میں اپنے دفتر کے کردار کی تردید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کام سول سوسائٹی کے ممبران نے انجام دیا ہے۔ ہم نے معاملے کا نوٹس لے کر کام رکوا دیا ہے۔

برنس روڈ عمارات

اس معاملے پرڈائریکٹر جنرل آرکيالوجی منظور احمد کی سربراہی میں کمیٹی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔ ثقافتی ورثے کی بحالی کے لیے کام کرنے والی سرگرم کارکن ماروی مظہر نے معاملے کا نوٹس لینے پر سید سردار شاہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ٹوئٹرپرجاری پیغام میں انہوں نے قدیم عمارتوں پر کیے گئے رنگ و روغن پرمایوسی کا اظہار کیا ہے۔

محکمہ ثقافت کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو غیر منظورشدہ تزئین وآرائش سے روک دیا گیا ہے کیونکہ یہ سندھ ورثہ تحفظ ایکٹ 1994 کی خلاف ورزی ہے۔ ثقافتی ورثے کا اصل رنگ اور شکل تبدیل نہیں کی جاسکتی ہے۔

گزشتہ برس دسمبر میں حکومت سندھ نے کراچی کی برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ کی تزئین وآرائش کے لیے 10 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی جس کے کنوینئرآرام باغ سب ڈویژن کے اسسٹنٹ کمشنرہیں۔

حال ہی میں کراچی کی انتظامیہ نے فوڈ اسٹریٹ کے لیے گاڑیوں کا داخلہ ممنوع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 5 جنوری کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ رات 7 بجے کے بعد برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ پر گاڑیوں کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی عمارتوں کا جنگل بن چکا ہے؟

نوٹیفکیشن کے مطابق 10 جنوری سے مقررہ وقت کے بعد گاڑیاں برنس روڈ پر کھڑی کرنے پر پابندی عائد ہونے کے ساتھ اطراف کے رہائشیوں کو ان کی گاڑیوں کے لیے اسٹیکر جاری کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ ہنگامی صورتحال میں گاڑیوں کو برنس روڈ کے ایک طرف سفر کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ فوڈ اسٹریٹ کے دونوں اطراف ویلے  پارکنگ دستیاب ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال انڈیا کے شہر ممبئی میں بھی قدیم عمارتوں کی تزئین وآرائش کا کام کیا گیا تھا۔

ممبئی میں قدیم ورثے کی بحالی
Zara

ممبئی کے ایک صدی سے زیادہ قدیم فلورا فاؤنٹین اور اسماعیل بلڈنگ اس وقت خبروں کی زینت بنے جب انہیں اصلی حالت میں بحال کیا گیا تھا۔

متعلقہ تحاریر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے