ووٹنگ کا طریقہ غیرواضح لیکن سینیٹ الیکشن کا شیڈول جاری

سینیٹ انتخابات میں ووٹنگ کا طریقہ اس وقت متنازعہ ہوا جب تحریک انصاف نے اس پر اعتراض کیا تھا۔

پاکستان میں سینیٹ الیکشن کے لیے ووٹنگ کا عمل غیر واضح ہونے کے باوجود الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے 3 مارچ کو انتخاب کے انعقاد کا اعلان کردیا ہے۔

سینیٹ الیکشن میں ووٹنگ کا طریقہ اُس وقت متنازع ہوا تھا جب حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اس پر اعتراض کیا تھا۔ حکمراں جماعت  نے دعویٰ کیا تھا کہ الیکشن کا طریقہ کار شفاف نہیں ہے بلکہ سیاسی اشرافیہ نے انہیں ہائی جیک کیا ہوا ہے۔

ووٹنگ کے طریقہ کار میں تبدیلی کے لیے قانون میں ترمیم کے ذریعے اتفاق رائے پیدا کرنے میں ناکامی کے بعد حکومت نے انتخاب کا (ترمیمی) آرڈیننس 2021 جاری کر دیا تاکہ کھلی رائے شماری (اوپن بیلٹنگ) کے ذریعے سینیٹ الیکشن منعقد کرائے جا سکیں۔

تاہم اس تجویز کے فوراً بعد ہی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل حزبِ اختلاف کی جماعتوں نے اس معاملے پر حکومت کی مخالفت کردی۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) نے اس آرڈیننس کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔ اِس مقدمے میں  پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بھی فریق بننے کا فیصلہ کیا ہے۔

ادھر سینیٹ الیکشن 2018 کے موقع کی ایک ویڈیو بھی منظرعام پر آئی ہے جس میں مختلف قانون سازوں کو پیسوں کے عوض اپنا ووٹ فروخت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

سیاسی انتشار کے دوران الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخاب کا شیڈول جاری کردیا ہے جس کے مطابق الیکشن 3 مارچ کو ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کے کاغذات نامزدگی 12 اور 13 فروری 2021 کو ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں جمع کروا سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ظفر اقبال حسین کو الیکشن کمیشن اسلام آباد میں اسپیشل سیکریٹری تعینات کیا گیا ہے۔ پنجاب میں غلام اسرار خان، سندھ میں اعجاز انور چوہان، خیبرپختونخوا میں شریف اللہ اور بلوچستان میں محمد رازق کو ذمہ داری سونپی گئی ہیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق نامزد امیدواروں کی فہرست 14 فروری 2021 کو آویزاں کی جائے گی جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 15 تا 16 فروری 2021 تک ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں ہوگی۔ جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد ریٹرننگ افسران کی جانب سے درست قرار دیئے گئے کاغذات نامزدگی کے مطابق امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی۔

ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے فیصلوں کے خلاف ٹربیونل میں اپیل کرنے کی حتمی تاریخ 18 فروری 2021 مقرر کی گئی ہے جبکہ ان اپیلوں کو نمٹانے کی آخری تاریخ 20 فروری 2021 ہے۔ ٹربیونل کے فیصلوں کی روشنی میں امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 21 فروری کو آویزاں کی جائے گی۔ جبکہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی تاریخ 22 فروری 2021 مقرر ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سینیٹ انتخابات میں اوپن بیلٹنگ کا ماحول گرم

امیدواروں کی حتمی فہرستیں 23 فروری 2021 کو آویزاں کی جائیں گی۔ حتمی فہرست جاری ہونے کے بعد کوئی بھی امیدوار 2 مارچ 2021 دوپہر 12 بجے تک مقابلے سے دستبردار ہوسکے گا۔ سینیٹ انتخابات کے لیے پولنگ 3 مارچ 2021 کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے اس اعلان کے بعد بھی ووٹ کاسٹ کرنے کے طریقہ کار پر غیریقینی صورتحال ہے۔ اس کے علاوہ شو آف ہینڈز کے ذریعے سینیٹ انتخابات سے متعلق صدارتی ریفرنس بھی زیر سماعت ہے۔

متعلقہ تحاریر