کرونا وائرس سے متعلق پاکستان کے لیے اچھی خبریں
کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کے لیے عام شہریوں کی رجسٹریشن کا اعلان ہوگیا ہے، روس اور چین کی ایک اور ویکسین کی دستیابی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں جبکہ کیسز کی تعداد میں 50 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔
پوری دنیا میں نظام زندگی کو مفلوج کردینے والے کرونا وائرس سے متعلق اب پاکستان کے لیے اچھی خبریں آنی شروع ہوگئی ہیں۔ کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین عام لوگوں کو لگانے کے لیے رجسٹریشن کا اعلان کردیا گیا ہے، روس کی تیار کردہ اسپٹنک ویکسین بھی ملک میں دستیاب ہوگی جبکہ چین کی دوسری کرونا ویکسین کی دستیابی کے امکانات بھی روشن ہوگئے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے 65 سال یا اس سے زیادہ عمر والے افراد کے لیے کرونا سے بچاؤ کی ویکسین کی رجسٹریشن کا اعلان کردیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں اسد عمر نے لکھا کہ انہیں رجسٹریشن کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے۔
Pleased to announce that registration for getting covid vaccine is now open for all citizens 65 and above. Just write down ur CNIC number and send message on 1166. Inshallah vaccinations for this age group will start in march
— Asad Umar (@Asad_Umar) February 15, 2021
اسد عمر نے لکھا کہ ‘کرونا سے بچاؤ کی ویکسین کی رجسٹریشن کے لیے قومی شناختی کارڈ کا نمبر لکھ کر 1166 پر پیغام بھیجیں۔ انشاءاللہ 65 سال یا اس سے زیادہ عمر والے افراد کے لیے ویکسین مارچ 2021 سے لگنا شروع ہوگی۔
دوسری جانب پاکستان میں بہت جلد روس کی تیار کردہ کرونا سے بچاؤ کی ویکسین ‘اسپٹنک فائیو’ بھی کمرشل بنیادوں پر فروخت کے لیے دستیاب ہوگی۔ حکومت نے ویکسین مہنگی ہونے کے باوجود کمرشل بنیادوں پر درآمد کرنے اور قیمت کی شرائط سے استثنیٰ کے ساتھ فروخت کرنے کی اجازت دی ہے۔ حکومت پر اِس بات پر تنقید بھی ہو رہی ہے کہ اُسے درآمد کی اجازت کے ساتھ ساتھ قیمت کی شرط بھی رکھنی چاہیے تھی۔ اِس سلسلے میں حکومتی لاپرواہی کی وجہ سے سرمایہ دار طبقہ اِس ویکسین کو بھی کاروباری موقع سمجھ کر اُس سے فائدہ اُٹھانا شروع کر دے گا۔ اسپٹنک فائیو کی آمد کے بعد پاکستان کا شمار نجی سطح پر ویکسین کی دستیابی والے ابتدائی ممالک میں ہوگا۔
ادھر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں چغتائی لیب کے ڈائریکٹر عمر نے لکھا کہ ‘ہمیں بتایا گیا ہے کہ ویکسین کی پہلی کھیپ آئندہ ایک ہفتے میں ملنے کی امید ہے۔ اس کھیپ میں کئی خوراکیں شامل ہیں۔’
At @ChughtaiLab we are expecting our first shipment of the #COVID vaccine insha Allah within the next 1-2 weeks.
The Sputnik V vaccine has been shown to be 91.6 % effective. Already authorized for use in Pakistan.
Working on appointment setting system. More details soon. pic.twitter.com/2kJUzgKvne
— Dr Omar Chughtai (@OmarChughtai) February 13, 2021
انہوں نے مزید لکھا کہ ‘اسپٹنک فائیو ویکسین 91.6 فیصد مؤثر ہے اور پاکستان میں پہلے ہی اُس کے استعمال کی اجازت دی جاچکی ہے۔
جبکہ اسپٹنک فائیو ویکسین تیار کرنے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ ‘ویکسین کی 2 خوراکیں ہوں گی اور ایک خوراک کی قیمت 10 ڈالرز ہوگی۔’
اس کے علاوہ چین کی کرونا سے بچاؤ کی دوسری ویکسین بھی پاکستان میں دستیاب ہونے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین ‘کین سائینو’ کے استعمال کی اجازت دے دی ہے جس کی تصدیق وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر سلطان نے کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا عمل سیاست کی نذر
کین سائینو نے یہ ویکسین چینی ملٹری میڈیکل سائنسز اکیڈمی کے تعاون سے تیار کی ہے۔ اس ویکسین کے عالمی ٹرائلز میں 40 ہزار رضاکار شریک ہوئے جس کے ٹرائلز تین براعظموں، 5 ممالک میں 78 مقامات پر منعقد ہوئے تھے۔ ان ممالک میں پاکستان، روس، میکسیکو، چلی اور ارجنٹینا شامل تھے۔
کین سائینو کو پاکستان میں کلینیکل ٹرائلز کی اجازت اگست 2020 میں ملی تھی جس کا آغاز ستمبر 2020 میں ہوا تھا۔ لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں ویکسین فیز تھری کے کلینیکل ٹرائلز 5 ماہ جاری رہے تھے۔ ذرائع وزارت صحت کے مطابق کین سائینو ویکسین کی قیمت 5 ڈالرز سے کم ہوگی اور اسے صرف منفی 2 تا 8 درجہ حرارت پر زخیرہ کیا جاسکے گا۔
صرف یہی نہیں بلکہ پاکستان میں گذشتہ ڈھائی مہینوں کے دوران کرونا وائرس کے کیسز میں 50 فیصد تک کمی بھی واقع ہوئی ہے۔









