وزیر ریلوے نے کرپشن کو محکمے کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دے دیا

اعظم خان سواتی کا کہنا ہے کہ ریلوے میں چند افسران اور مافیہ ایسا ہے جو اچھے افسران کو کام نہیں کرنے دیتا۔

پاکستان کے وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی نے کرپشن کو ریلوے کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دے کر سابق وزیر ریلوے شیخ رشید کی اہلیت پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ 

نیوز360 سے ٹورسٹ سفاری ٹرین کے افتتاح کے موقع پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا  کہ ‘اگر میں کرپٹ ہوں تو مجھے بھی نہ چھوڑیں۔ لیکن اگر ایسا نہیں ہے تو سب کو یہ پیغام پہنچنا چاہیے کہ ریلوے میں چند افسران اور مافیا ایسا ہے جو اچھے افسران کو کام نہیں کرنے دیتا، ان کی نشاندہی کر رہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ‘بدعنوانی کا خاتمہ ترجیحی ایجنڈا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت ہے کہ بدعنوان عناصر کو چن چن کر نکالا جائے۔ اس کے تحت بڑے افسر نکل رہے ہیں۔’

 نیوز 360 سے گفتگو کے دوران اعظم خان سواتی نے کہا کہ ‘ریلوے کی رگوں میں خون خشک ہوچکا ہے۔ ٹرینوں کے ذریعے مال برداری ختم ہوچکی ہے۔ جلد ہی فریٹ ٹرینیں بحال کریں گے۔’

یہ بھی پڑھیے

بڑھتے جرائم شیخ رشید کی کارکردگی پر سوالات

انہوں نے کہا کہ ‘جب مزدوروں اور افسروں کو اچھی تنخواہیں اور مراعات ملیں گی تو محکمہ ریلوے ترقی کرے گا۔ جب تک محکمے کو کمرشل ادارے کے طور پر نہیں چلایا جاتا، یہ نہیں چل سکتا۔’

وزیر ریلوے نے کہا کہ ‘جب افسروں کو کم تنخواہ ملے گی تو وہ چوری کرے گا۔ 18 ہزار روپے میں مزدور کیسے گزارا کرسکتا ہے؟ اس لیے کوشش کررہے ہیں کہ ریلوے کو بزنس ماڈل کے طور پر چلایا جائے۔’

اعظم سواتی

دریں اثناء ٹورسٹ سفاری ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ ‘وزیراعظم عمران خان اور سفارت کار آئندہ ہفتے سفاری ٹرین میں سیر کریں گے۔ ریلوے مذہبی سیاحت کے فروغ کا بھی اہم ذریعہ ہے۔ر یلوے سکھوں کو پنجہ صاحب تک پہنچانے کے لیے سہولیات میں اضافہ کرے گا۔ ہر سال 15 ہزار سے زیادہ سکھ یاتریوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرے گا۔’

اس سے قبل چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ٹورسٹ سفاری ٹرین کا افتتاح کیا جو راولپنڈی سے ہر اتوار کو چلے گی اور سیاحوں کو گولڑہ ریلوے اسٹیشن، حسن ابدال اور اٹک خورد کی سیر کروائے گی۔

اعظم خان سواتی کو وزیر ریلوے کا قلمدان سنبھالے ہوئے ابھی محض چند ماہ ہی ہوئے ہیں۔ ان سے قبل وزارت ریلوے کا قلمدان شیخ رشید کے پاس  تھا۔ وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کرپشن کو محکمے کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دے کر شیخ رشید کی اہلیت پر سوال پیدا کردیا ہے کیونکہ شیخ رشید گذشتہ ڈھائی سال سے ریلوے کے وزیر تھے اور اگر اِس دوران بھی ریلوے سے کرپشن ختم نہیں ہوپائی تو شیخ رشید کیا کرتے رہے۔

متعلقہ تحاریر