ساجد سدپارہ علی ظفر کے مداح ہوگئے

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کوہ پیما لٹل کریم اسکردو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ کے صاحبزادے ساجد علی سدپارہ گلوکار علی ظفر کے مداح ہوگئے ہیں۔ علی ظفر نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں ساجد علی سدپارہ کی ہمت بڑھائی ہے۔

دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرنے کی کوشش میں جاں بحق ہونے والے نڈر کوہ پیما محمد علی سدپارہ کو مختلف شخصیات کی جانب سے خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ علی ظفر نے پچھلے دنوں ‘پہاڑوں کی قسم’ گا کر بہادر کوہ پیما کو خراج عقیدت پیش کیا تھا۔ جس پر ساجد سدپارہ نے ٹوئٹر پر علی ظفر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ اس گانے کی وجہ سے انہیں اپنے والد کے ادھورے مشن کو پورا کرنے کی ہمت مل رہی ہے۔

علی ظفر نے جواب میں محمد علی سدپارہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کے مشن کو پورا کرنے کے لیے ساجد علی سدپارہ کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

ٹوئٹر سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر فنکار اپنے فن کے ذریعے بہادر کوہ پیما کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔ سیال نامی شخص نے علی سدپارہ کی یاد میں رباب بجایا۔

پشتو میوزک بینڈ ‘خماریاں’ نے بھی علی سدپارہ کو رباب کی دھنوں میں یاد کیا۔

یہ بھی پڑھیے

کوہ پیما سرباز خان کا محمد علی سدپارہ کو خراج عقیدت

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گوادر اسٹیڈیم کے پہلے نمائشی میچ کا آغاز بھی علی سدپارہ کے لیے خصوصی دعا سے کیا گیا تھا۔

علی سدپارہ کی موت کی تصدیق کے بعد دنیا بھر کے لوگوں نے ان کے عظیم کارنامے کو سراہا لیکن اس کے باوجود سال 2021 پاکستانی کوہ پیماؤں کے لیے اچھا ثابت نہیں ہورہا ہے۔

بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی کوہ پیما محمد کریم (لٹل کریم) شدید علالت کے باعث اسکردو کے ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ صحافی روشن دین دیامیری نے ٹوئٹر پیغام میں حکومت سے ان کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔

واضح رہے کہ لٹل کریم بغیر اضافی آکسیجن کے پاکستان کی بلند ترین چوٹیوں میں شمار کی جانے والی ‘گیشابروم ٹو’ کو سر کرچکے ہیں۔ اس چوٹی کی بلندی 8 ہزار میٹر سے زیادہ ہے۔ لٹل کریم 2 مرتبہ کے ٹو سے 200 میٹر کے فاصلے پر تھے کہ انسانی جان بچانے کی خاطر نیچے اتر آئے۔

متعلقہ تحاریر