عمران خان کی کامیابی کے پیچھے میرا ہاتھ ہے، بشریٰ بی بی

پناہ گاہ کے دورے کے موقع پر بشریٰ بی بی نے تسلیم کیا ہے کہ عمران خان کی کامیابی کے پیچھے ان کا ہاتھ ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے تسلیم کیا ہے کہ عمران خان کی کامیابی کے پیچھے ان کا ہاتھ ہے۔

کہتے ہیں کہ ہر کامیاب مرد کے پیچھے کسی عورت کا ہاتھ ہوتا ہے۔ یہ جملہ زباں زدعام ہے جسے اکثر کسی کو مثال دینے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ لیکن حقیقی زندگی میں اس محاورے کی کیا حیثیت ہے وہ بشریٰ بی بی کے حالیہ بیان سے معلوم ہوگیا ہے۔

خاتون اول بشریٰ بی بی نے پیر کے روز صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں حضرت داتا گنج بخش کے مزار کے قریب پناہ گاہ کا دورہ کیا ہے۔ اس موقع پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ عمران خان کی کامیابی کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے؟ جس پر بشریٰ بی بی نے جواب دیا کہ ‘ہر کامیاب آدمی کے پیچھے اس کی اہلیہ کا ہاتھ ہوتا ہے۔’

موجودہ وزیراعظم پاکستان کی کامیابی سے متعلق بشریٰ بی بی کا یہ دعویٰ شاید درست ہی ہے کیونکہ عمران خان ان سے نکاح کے بعد ہی وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔ 2018 کے عام انتخابات سے قبل ہی عمران خان نے بشریٰ بی بی سے شادی کی تھی جس کے بعد عمران خان کی قسمت کا ستارہ ایسا چمکا کہ وہ پاکستان کے سب سے اعلیٰ عہدے یعنی وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز ہوگئے۔

پیر کے روز پناہ گاہ کے دورے کے موقع پر بشریٰ بی بی نے حضرت داتا گنج بخش کے مزار پر حاضری بھی دی۔ بشریٰ بی بی نے مزار پر حاضری ایسے وقت میں دی ہے جب سینیٹ انتخاب محض دو روز کی دوری پر ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ترسیلات زر میں 19 فیصد اضافے پر وزیراعظم خوش

اس سے قبل 2018 میں عام انتخابات سے قبل بشریٰ بی بی اور عمران خان نے پاکپتن پر بابا فرید گنج بخش کے مزار پر حاضری دی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ حاضری بھی انتخابات سے چند روز قبل ہی دی گئی تھی۔

عمران خان پاکپتن مزار سجدہ

اسی دوران سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا گیا تھا کہ عمران خان نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ہمراہ درگاہ میں داخل ہونے سے پہلے دہلیز پر جھک کر ماتھا ٹیکا۔ اس ویڈیو کے سامنے آنے بعد عمران خان اور بشریٰ بی بی دونوں پر ہی شدید تنقید کی گئی تھی۔ بعد ازاں عمران خان نے وضاحت دیتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے بابا فرید گنج بخش کے مزار پر سجدہ نہیں کیا بلکہ عقیدت کے باعث بوسہ دیا ہے۔

متعلقہ تحاریر