گلگت بلتستان کرونا وائرس سے پاک ہوگیا

گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کا پہلا کیس مارچ 2020 میں سامنے آیا تھا اور مریضہ ایک خاتون تھیں۔

پاکستان کے شمالی علاقے گلگت بلتستان کی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ عارضی صوبہ اب کرونا وائرس سے پاک ہوگیا ہے۔

گلگت بلتستان حکومت کے فوکل پرسن برائے کرونا وائرس ڈاکٹر شاہ زمان نے کہا ہے کہ ’گلگت بلتستان ملک کا پہلا کرونا وائرس سے پاک علاقہ بن گیا ہے۔‘ ان کے مطابق ’گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کا آخری مریض بھی صحتیاب ہو گیا ہے جس کے بعد اب یہاں وباء سے متاثرہ کوئی مریض موجود نہیں ہے۔ گلگت بلتستان کے تمام 10 اضلاع اس لحاظ سے محفوظ ہیں کہ وہاں محدود وسائل کے باوجود کرونا وائرس پر قابو پالیا گیا ہے۔‘

ڈاکٹر شاہ زمان نے کہا کہ ’اگر عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور کرونا ویکسین لگوائیں تو وبا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔‘

گلگت بلتستان میں کرونا کے فوکل پرسن نے یہ دعویٰ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب ملک بھر میں کرونا وائرس ایک بار پھر زور پکڑ رہا ہے۔ ملک میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کی وجہ سے گذشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے تعلیمی اداروں، دفاتر، شادی ہالز اور تفریحی مقامات وغیرہ پر پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چند روز قبل گلگت بلتستان کے محکمہ صحت نے کہا تھا کہ ’10 اضلاع میں کرونا وائرس کے صرف 4 مریض زیرعلاج ہیں جن میں سے 3 مقامی اور ایک غیر ملکی سیاح ہیں۔‘ تاہم انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ زیرعلاج مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کا پہلا کیس مارچ 2020 میں سامنے آیا تھا اور مریضہ ایک خاتون تھیں۔

کرونا ویکسین، کورونا ویکسین
Xinhua

گلگت بلتستان میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا آغاز رواں برس فروری میں تھا۔ این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق خطے کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی تقریباً 8 ہزار خوراکیں بھیجی گئی ہیں۔

بدھ کے روز گلگت بلتستان کے ڈپٹی کمشنر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں خوشخبری سنائی کہ کرونا وائرس کے ٹیسٹ کا روزانہ کی مثبتیت کا تناسب کم ہو کر 0.00 فیصد رہ گیا ہے اور فی الحال کوئی فعال کیس موجود نہیں ہے۔

ان کی جانب سے شیئر کی گئی چارٹ میں کرونا وائرس سے بازیابی کی شرح 97.92 فیصد اور اموات کی شرح 2.08 فیصد ظاہر ہے۔

یہ بھی پڑھیے

اسکولز، سینیماز، ہوٹلز اور تفریحی مقامات پر کرونا کی پابندیاں برقرار

گلگت بلتستان کا کرونا وائرس سے پاک ہوجانا بلاشبہ ایک اچھی خبر ہے لیکن یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ دنیا میں سب سے پہلے نیوزی لینڈ نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے کرونا وائرس پر قابو پا لیا ہے۔ اس دعوے کے بعد بھی نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس کے کیسز سامنے آئے تھے۔ اس لیے گلگت بلتستان کے کرونا سے پاک ہوجانے کے بعد بھی ایس او پیز پر مسلسل عمل کیا جانا چاہیے۔

متعلقہ تحاریر