پشاور میں ’محمد علی سدپارہ کلائمبنگ وال‘ کا افتتاح

یہ کلائمبنگ وال صوبے کے 9 اضلاع میں بنائی جائیں گی جن پر 11 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں کلائمبنگ کے شوقین افراد کے لیے خوش خبری ہے کہ صوبائی دارالحکومت پشاور کے قیوم اسپورٹس کمپلیکس میں چیف سیکریٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے پہلی ’محمد علی سدپارہ کلائمبنگ وال‘ کا افتتاح کردیا ہے جس کے بعد اس کھیل کے شوقین افراد نے اسٹیڈیم کا رخ کر لیا ہے۔

اس کلائمبنگ وال کو نامور کوہ پیما محمد علی سد پارہ کی خدمات کے عوض ان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کے کھیلوں کے میگا منصوبوں کے تحت یہ کلائمبنگ وال 9 مختلف اضلاع میں بنائی جائیں گی تاہم ابتدائی طور پر بننے والی اس وال پر 10 ملین (ایک کروڑ) روپے سے زیادہ اخراجات آئے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت پر محمد علی سدپارہ کلائمبنگ وال صوبے میں حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس، مردان اسپورٹس کمپلیکس، پبی نوشہرہ اسپورٹس کمپلیکس، سوات اسپورٹس کمپلیکس، کنج فٹبال گراؤنڈ ایبٹ آباد، کوہاٹ اسپورٹس کمپلیکس، قاضی محب اسپورٹس کمپلیکس بنوں اور رتہ کلاچی اسپورٹس کمپلیکس ڈی آئی خان میں بنائی جائیں گی جن پر 11 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ اس کلائمبنگ وال میں 3 زمرہ جات ہوں گے جن میں اسپیڈ وال، ٹیکنیکل وال اور ورٹیکل وال شامل ہیں۔

یہ بھی دیکھیے

پشاور کی نازیہ علی کی زندگی کا مقصد تائیکوانڈو بن گیا

چیف سیکریٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے کلائمبنگ میں استعمال ہونے والے حفاظتی سامان کا معائنہ کیا ہے۔ اس موقع پر کھلاڑیوں نے ٹیکنیکل اور اسپیڈ وال پر شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ بھی پیش کیا۔

چیف سیکریٹری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کلائمبنگ کی سہولت سے کھلاڑیوں کو اس کھیل میں آگے جانے کے مواقع میسر آئیں گے اور پشاور میں ملکی اور بین الاقوامی سطح کے مقابلے باآسانی کرائے جاسکیں گے۔ کلائمبنگ وال پر کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے بین الاقوامی تربیت یافتہ کوچز کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی جو اس نئے اور مشکل کھیل کو سکھانے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود رہیں گے۔

متعلقہ تحاریر