طلباء کی وزیر تعلیم شفقت محمود سے رحم کی اپیل

پاکستان میں او لیول کے امتحانات 15 مئی کے بعد جبکہ اے اور ایز لیول کے امتحانات طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

پاکستان میں کرونا وباء کے باعث بند کیے گئے تعلیمی اداروں میں امتحانات کا اعلان شروع ہوگیا ہے۔ پاکستانی حکومت کے کیمبرج سے مذاکرات کے بعد او لیول کے امتحانات ملتوی ہوگئے ہیں جو 15 مئی کے بعد ہوں گے جبکہ اے اور ایز لیول کے امتحانات دینے والے طلبہ کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا ہے جنہوں نے شفقت محمود سے رحم کی اپیل کی ہے۔

پاکستان میں کرونا وباء کی تیسری لہر کی وجہ سے گذشتہ برس تعلیمی ادارے بند کیے گئے تھے جس کے بعد کئی مرتبہ تعلیمی ادارے کھولنے اور پھر سے بند کرنے کا فیصلہ ہوا تھا۔ تعلیمی اداروں کی بندش کی وجہ سے طلبہ کی تدریس میں کافی نقصان ہوا اور اسی وجہ سے گذشتہ برس کی طرح اس سال بھی امتحانات ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

گذشتہ روز بھی پاکستان میں امتحانات ملتوی کرنے سے متعلق ٹوئٹر پر ایک ہیش ٹیگ ’کینسل ایگزامز اِن پاکستان‘ ٹرینڈ کر رہا تھا۔ اس ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے امتحانات ملتوی کرنے کی اپیل کر رہے تھے۔

تاہم اب سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا ہے کہ کیمبرج حکام سے بات چیت کے بعد وہ او لیول کے امتحانات 15 مئی کے بعد لینے پر رضامند ہوگئے ہیں۔ جبکہ اے اور ایز لیول کے امتحانات اپنے پرانے شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے طلبہ کو کرونا وباء سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور اُن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستانی طلبہ cancelexamspakistan2021 کیوں چاہتے ہیں؟

شفقت محمود کے اس ٹوئٹ کے بعد ٹوئٹر پر آج بھی ایک ٹرینڈ چل رہا ہے جس میں طلبہ وزیر تعلیم سے رحم کی اپیل کر رہے ہیں۔

شفقت محمود رحم کی اپیل

کچھ طلبہ نے شفقت محمود کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

اُدھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق پاکستان میں کرونا وباء کے باعث اموات کی مجموعی تعداد 14 ہزار 91 تک پہنچ گئی ہے اور وباء سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 45 ہزار 356 ہے۔ اس وقت ملک میں کرونا کے فعال کیسز کی تعداد 40 ہزار 120 ہے جبکہ 5 لاکھ 91 ہزار 145 کرونا کے مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

متعلقہ تحاریر