سوات ایئر پورٹ کا 17 سال بعد افتتاح
سوات میں شدت پسندی اور فوجی کارروائیوں کی وجہ سے 2004 میں سیدو شریف ایئرپورٹ کو بند کردیا گیا تھا۔
پاکستان کی حکومت نے سوات کے سیدو شریف ایئر پورٹ کا 17 سال بعد افتتاح کردیا ہے۔ ہفتے میں 2 پروازیں چلائی جائیں گی جو مسافروں کو اسلام آباد سے سوات لے کر جائیں گی۔
جمعے کے روز پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی سوات ایئر پورٹ کی بحالی سے متعلق افتتاحی تقریب منعقد کی گئی تھی۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کو تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر مدوع کیا گیا تھا جو پی آئی اے کی پہلی پرواز ’کے 650‘ کے ذریعے سوات پہنچے تھے۔ پہلی پرواز میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے ساتھ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید اور وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے سفر کیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’حکومت نے سوات ایئر پورٹ کا 17 سال بعد افتتاح کر کے ضلع کی عوام کا ایک اور مطالبہ پورا کردیا ہے۔ میں سوات کی عوام کو سیدو شریف ایئرپورٹ کی بحالی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘
یہ بھی پڑھیے
سیالکوٹ کی ‘ایئر سیال’ اڑان بھرنے کو تیار
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے پروازوں کی بحالی پر وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید، وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور ، پی آئی اے، سول ایوی ایشن اور ضلع انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ’پروازوں کی بحالی کے بعد سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔ حکومت پاکستان ملک میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے لیے کام کررہی ہے۔ ملکی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے جاروگو آبشار سمیت دیگر مقامات کو بھی عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔‘
وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے پروازوں کی بحالی کو حکومت کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’سوات کے لیے اندرون ملک کی پروازوں کو بحال کردیا گیا ہے۔ بہت جلد سوات ایئرپورٹ کو بین الاقوامی پروازوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔‘
وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور نے کہا کہ ’سوات ایئر پورٹ کی طرح خیبرپختونخوا کے دیگر بند ایئرپورٹ کی پروازوں کو بھی جلد بحال کردیا جائے گا۔‘
سوات کا ایئر پورٹ 1978 میں قائم کیا گیا تھا لیکن ضلع میں شدت پسندی اور فوجی کارروائیوں کی وجہ سے 2004 میں سیدو شریف ایئرپورٹ کو بند کردیا گیا تھا۔
نیوز 360 نے اِس موضوع پر ڈجیٹل رپورٹ تیار کی ہے۔