شفقت محمود کے امتحانات کے اعلان پر طلباء کا احتجاج

طلباء نے او اور اے لیولز کے امتحانات نہ لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں کالج کے نتائج کے مطابق پروموٹ کیا جائے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا ہے کہ او لیولز کے امتحانات اب 10 مئی سے شروع ہوں گے جس پر امتحانات لیے جانے کی مخالفت کرنے والے طلباء نے نئی تاریخ پر زیادہ شدید احتجاج کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ کیمبرج کے سربراہ کا خط موصول ہوا ہے۔ کرسٹائن اوزڈن نے امتحانات 10 مئی سے لینے کی درخواست کی ہے۔

شفقت محمود نے مذید بتایا کہ تمام صوبوں اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے او لیولز کے امتحانات 10 مئی سے لینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اس سے قبل جمعرات کے روز ایک ٹوئٹ میں شفقت محمود نے بتایا تھا کہ کیمبرج حکام سے بات چیت کے بعد وہ او لیولز کے امتحانات 15 مئی کے بعد لینے پر رضامند ہوگئے ہیں۔ جبکہ اے اور اے ایس لیول کے امتحانات اپنے پرانے شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے۔

ری شیڈول کیے گئے او لیولز کے امتحانات پہلے 26 مئی کو منعقد ہونے تھے لیکن تعلیمی اداروں کی بندش اور کرونا وباء کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے ایس او پیز کے ساتھ اے اور او لیولز کے امتحانات بیک وقت لینا ممکن نہیں تھا۔

دوسری جانب پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پریس کلب کے باہر امتحانات کے خلاف احتجاج کیا گیا ہے جس میں طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ہے۔ طلبہ نے ’شفقت انکل رحم کریں‘ کے نعرے بلند کیے۔

یہ بھی پڑھیے

طلباء کی وزیر تعلیم شفقت محمود سے رحم کی اپیل

مظاہرین طالب علموں نے او اور اے لیولز کے امتحانات نہ لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں کالج کے نتائج کے مطابق پروموٹ کیا جائے۔ اس موقع پر طلبہ کا کہنا تھا کہ ’سارا سال تعلیمی ادارے بند اور کھولے جاتے رہے۔ آن لائن کلاسز ہوئیں لیکن نصاب مکمل نہیں ہوا۔‘

پشاور کے علاوہ صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور اور صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں طلبہ آج احتجاج کریں گے۔ احتجاج میں امتحانات نہ لینے اور طلباء کو بغیر امتحانات لیے ہی پروموٹ کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔

متعلقہ تحاریر