وزیر خارجہ کے غیرملکی دورے پاکستانی معیشت کے لیے خوش آئند
ایران نے پاکستان پر کینو کی درآمد پر عائد پابندی ختم کردی ہے اور متحدہ عرب امارات نے قرض کی واپسی کی مدت میں توسیع کردی ہے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورے ملکی معیشت کے لیے خوش آئند ثابت ہوئے ہیں۔ ایران نے پاکستان پر کینو کی درآمد پر عائد پابندی ختم کردی ہے اور متحدہ عرب امارات پاکستان کو قرض کی واپسی کی مدت میں توسیع کر دی ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی متحدہ عرب امارات کا 3 روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد مزید 3 روزہ دورے پر منگل کے روز ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے ہیں۔ شاہ محمود قریشی دورے کے دوران ایران کے صدر حسن روحانی اور وزیر خارجہ جواد ظریف سمیت دیگر اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
یہ بھی پرھیے
معیشت کا میدان، 2 سیاستدان بھائیوں کی ٹوئٹر پر بحث
شاہ محمود قریشی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ایران کی قیادت کے ساتھ خطے کی صورتحال پر گفتگو کا موقع میسر آئے گا۔ افغان امن عمل پاکستان اور ایران دونوں ممالک کے لیے اہم ہے جس میں کئی پیشرفت ہوئی ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کے کئی مرتبہ پاکستان کے دورے پر شکر گزار ہوں۔‘
ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے آخری مرتبہ نومبر 2020 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’پاکستان اور ایران کے تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر بھی بات چیت ہوگی۔ پاکستان نے ایران کو بارڈر مارکیٹوں کے قیام سے متعلق تجویز پیش کی تھی جسے ایران نے کافی پسندہ کیا ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ایرانی ہم منصب کے درمیان مختلف موضوعات پر بات چیت کی جائے گی۔ جبکہ پاکستان اور ایران کے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے سرحدی علاقوں میں بارڈر مارکیٹوں کے قیام کے لیے معاہدے پر دستخط بھی متوقع ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایران سے پاکستان کے لیے ایک خوشخبری سنائی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے بتایا ہے کہ ’ایران نے پاکستان پر کینو کی درآمد پر پابندی ختم کردی ہے۔‘
Always a pleasure to be in #Iran and i am pleased to share some good news for our citrus farmers. Following discussions, happy to announce that Iran has lifted
restrictions on the import of Pakistan’s kinnow. #EconomicDiplomacy— Shah Mahmood Qureshi (@SMQureshiPTI) April 20, 2021
ایران کے دورہ سے قبل پاکستان کے شاہ محمود قریشی متحدہ عرب امارات کے دورہ پر موجود تھے جہاں انہوں نے اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زایدالنہیان سے ملاقات کی تھی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے اور دیگر امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔
اس ملاقات میں شیخ عبداللہ بن زایدالنہیان نے پاکستان کو قرض کی واپسی کی مدت میں توسیع دے دی ہے۔ جبکہ پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو رواں ماہ 19 تاریخ تک قرض واپس کرنا تھا۔









