مریم نواز ڈاکٹر یاسمین راشد کے لیے دعاگو

مریم نواز نے کہا کہ ’میری والدہ نے بھی کینسر کا سامنا کیا ہے اور میں جانتی ہوں کہ یہ کتنی تکلیف دہ بیماری ہے۔‘

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کینسر سے نبرآزما صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد بریسٹ کینسر میں مبتلا ہیں۔ علاج کے دوران ہونے والی کیمو تھراپی کی وجہ سے ان کے تمام بال جھڑ چکے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ کرونا کی وباء کے دوران اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

ڈاکٹر یاسمین راشد کی کرونا اور کینسر سے بیک وقت لڑائی

ڈاکٹر یاسمین راشد کی اس ہمت اور حوصلے کو سراہتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ وہ بھی ان کی صحت کے لیے دعا گو ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی صحت کے لیے دعا گو ہوں، میری والدہ نے اس موذی مرض کا سامنا کیا ہے اور میں جانتی ہوں کہ یہ کتنی تکلیف دہ بیماری ہے۔ ڈاکٹر صاحبہ بھی ماں ہیں، اللّہ ماؤں کو سلامت رکھے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی والدہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کو بھی کینسر کا مرض لاحق تھا۔ کلثوم نواز طویل عرصے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا رہنے کے بعد اسی بیماری کے باعث انتقال کر گئیں تھیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کے لیے صرف مریم نواز نے ہی نیک خواہشات کا اظہار نہیں کیا ہے بلکہ سوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر پر ڈاکٹرز، صحافی اور دیگر افراد انہیں خراج تحسین پیش کر رہے ہیں اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کر رہے ہیں۔

سینیئر صحافی اجمل جامی نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہی انسانیت ہے اور یہی احساس ہے جو معاشرے کے زندہ ہونے کی علامت ہے۔

عادل شاہ زیب نے بھی ڈاکٹر یاسمین راشد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ہے۔

صارف مہر تارڑ نے لکھا کہ آپ ہماری ہیرو ہیں، آپ سپر وومن ہیں۔ آپ کے لیے بہت سی دعائیں اور محبتیں۔ دعا ہے کہ آپ جلد صحت یاب ہوں۔

سینیئر تجزیہ کار حسن حفیظ نے ڈاکٹر یاسمین راشد کے ہمراہ اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد ایک با ہمت خاتون ہیں جو کرونا کی اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی بیماری کے دوران بھی پوری لگن سے کام کر رہی ہیں۔

پاکستانی اداکار، گلوکار، میزبان اور ہواباز فخر عالم نے ڈاکٹر یاسمین راشد کے لیے ہمدردی اور احترام کا اظہار کیا ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے ان کے لیے دعا کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ وہ بھرپور طرح سے اپنے فرائض سرانجام دیتی رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے صحت کے نظام میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے اور میری پوری کوشش ہوگی کہ ہیلتھ کیئر کا نظام مکمل طور پر بہتر ہو۔

متعلقہ تحاریر