تیز رفتار گاڑی نے این ایچ اے کے ملازم کو کچل دیا
موٹروے پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے گاڑی قبضے میں لے لی ہے۔
موٹر وے ٹول پلازہ پشاور پر تیز رفتار گاڑی نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے ڈیوٹی پر مامور ملازم کو کچل دیا۔
نیوز 360 کو موصول ہونے والی سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سفید رنگ کی تیز رفتار گاڑی نے موٹر وے ٹول پلازہ پشاور پر ڈیوٹی پر مامور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ملازم کو کچل دیا ہے۔ ملزم جنید ولد عتیق ہے جو موٹر وے کے ذریعے پشاور کی جانب جارہے تھے اور جس گاڑی میں سوار تھے اس کا نمبر PV 401 تھا۔
یہ بھی پڑھیے
کشمالہ طارق کے سرکاری پروٹوکول کی ٹکر سے 4 افراد جاں بحق
گاڑی کی تیز رفتاری کی وجہ سے موٹروے پولیس نے ڈرائیور کو روکنے کا اشارہ کیا گیا لیکن اشارے کو نظر انداز کرتے ہوئے ملزم نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سفر جاری رکھا۔ جس کے بعد قوانین کی خلاف ورزی کی اطلاع موٹر وے ٹول پلازہ پشاور دی گئی۔
موٹروے پولیس نے گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن ڈرائیور نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش میں این ایچ اے کے میڈیکل ہیلپر عدیل علی شاہ (جو کہ موٹر وے پولیس کے عملے سے کچھ ہی فاصلے پر کھڑے تھے) کو کچل ڈالا۔
حادثے کی وجہ سے عدیل کے سر پر شدید چوٹیں آئیں جنہین لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور منتقل کردیا گیا۔ موٹروے پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے گاڑی قبضے میں لے لی ہے۔









