نواز شریف 1، شہباز شریف 0
شہباز شریف کا پیپلز پارٹی فارمولا پی ڈی ایم نے مسترد کردیا۔
پاکستان میں حزب مخالف کی جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی ایوان میں بجٹ نا منظور کرنے کی تجویز مسترد کردی ہے جبکہ مولانا فضل الرحمٰن اور نواز شریف کی احجاجح تحریک دوبارہ شروع کرنے کی بات مان لی گئی ہے۔
نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق سنیچر کے روز پی ڈی ایم کا اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی زبان بولی اور ان کا ہی فارمولا ایک بار پھر پیش کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ’ہم قومی اسمبلی میں بجٹ کی منظوری میں رکاوٹ بنیں گے۔ جب بجٹ نامنظور ہوگا تو حکومت خود بخود ناکام ہوجائے گی۔‘
یہ بھی پڑھیے
بیانیے کی جنگ بند کمروں سے نکل کر ٹی وی شوز تک جا پہنچی
جس پر پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے شہباز شریف کو یاد دلایا کہ یہ پیپلزپارٹی کا فارمولا ہے۔ حال ہی میں ہونے والے سینیٹ کے انتخاب میں حکومت نے اسلام آباد کی نشست کے لیے عبدالحفیظ شیخ کو نامزد کیا تھا جنہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ لیکن وزیراعظم عمران خان نے ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کر کے اس ناکامی کو کامیابی میں تبدیل کر دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ اس مرتبہ پہلے والے فارمولے پر ہی عمل کیا جائے تو بجٹ نامنظور ہونے کے بعد حکومت دوبارہ اعتماد کا ووٹ حاصل کرلے گی اور پی ڈی ایم کو ایک بار پھر اسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس سے وہ پہلے دو چار ہو چکی ہے۔
پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ کے اجلاس میں نواز شریف اور مولانا فضل الرحمٰن نے اپنی بات منوالی ہے جبکہ شہباز شریف کی تجویز مسترد کردی گئی ہے۔ اجلاس میں ملک بھر میں حکومت کے خلاف جلسوں اور احتجاجی ریلیوں پر اتفاق کیا گیا ہے۔









