شہباز گل جھوٹ پر مبنی اشتہارات کے خلاف بول پڑے

شہباز گل کا کہنا ہے کہ پاکستان میں صابن، شیمپو، ڈٹرجنٹ، ہینڈ واش، ٹوائلٹ کلینر کے 80 فیصد اشتہارات جھوٹ پر مبنی ہیں۔

پاکستان میں اشتہارات میں دکھائی جانے والی مصنوعات حقیقت میں اس سے مختلف ہوتی ہیں۔ زیادہ تر مصنوعات میں اشتہارات میں بتائی گئی خصوصیات شامل نہیں ہوتیں، یا یوں کہہ لیجیے کہ یہ اشتہارات جھوٹ پر مبنی ہوتے ہیں۔ تاہم اب وزیراعظم عمران خان کے معاون خوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل بھی مصنوعات کے جھوٹ پر مبنی اشتہارات کے خلاف بول پڑے ہیں۔ 

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے لکھا کہ پاکستان میں صابن، شیمپو، ڈٹرجنٹ، ہینڈ واش اور ٹوائلٹ کلینر کے 80 فیصد اشتہارات جھوٹ پر مبنی ہیں۔ دعوے دیکھیں تو کوئی صابن یا ہینڈ واش کرونا کو مارتا ہے، کسی شیمپو سے بال گرنا بند ہو جاتے ہیں تو کوئی صابن سب سے لمبے عرصے تک جراثیموں سے دور رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

مسابقتی کمیشن کا 4 اداروں کو دھوکہ دہی پر اظہار وجوہ کا نوٹس

ڈاکٹر شہباز گل نے پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے درخواست کی کہ وہ اس پر پالیسی بنائیں۔

اس ٹوئٹ کے بعد سے ٹوئٹر صارفین نے ڈاکٹر شہباز گل کی تعریف کی ہے اور انہیں طرح طرح مشورے بھی دیے ہیں۔ جبکہ کچھ صارفین نے ان کا مذاق بنایا ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے یونی لیور پاکستان لمیٹڈ کو گمراہ کن اور جھوٹ پر مبنی اشتہارات پر نوٹس جاری کیا تھا۔ یونی لیور پاکستان اپنی مصنوعات لائف بوئے صابن اور ہینڈ واش کے اشتہار میں دعویٰ کررہا ہے کہ لائف بوائے 10 سیکنڈز میں 99.9 کو ختم کرتا ہے۔

متعلقہ تحاریر