چیئرمین نادرا طارق ملک ’چیئرپرسن‘ کے ٹائٹل کے متمنی

طارق ملک 2014 میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے وزیر داخلہ سے اختلافات کی بنا پر عہدے مستعفی ہوئے تھے۔

نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے دوبارہ تعینات ہونے والے چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا ہے کہ ’میں اس بات کا زیادہ متمنی ہوں کہ مجھے چیئرمین کے بجائے چیئرپرسن کا ٹائٹل دیا جائے۔‘

منگل کے روز وزیراعظم پاکستان عمران خان کی منظوری کے بعد طارق ملک کو ایک بار پھر نئی ذمہ داریاں تفویض کرتے ہوئے چیئرمین نادرا تعینات کردیا گیا ہے۔ اس بات کا اعلان وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

حامد میر پہلے سوچیں پھر بولیں

اپنی تعیناتی کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں چیئرمین نادرا طارق ملک کہا ہے کہ مجھے یقین ہے ایک دن نادرا کی چیئرپرسن کوئی خاتون یا مخنث ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ نادرا کی نظر میں تمام پاکستانی برابر ہیں چاہے وہ کسی بھی جنس، مذہب اور مسلک سے تعلق رکھتے ہوں۔

طارق ملک پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے دور میں بھی نادرا کے چیئرمین تعینات رہ چکے ہیں۔ سال 2014 میں طارق ملک نے اس وقت کے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے ساتھ اختلافات کی بنا پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔

طارق ملک اِس وقت اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے تکنیکی مشیر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر