غیر رجسٹرڈ کمپنیز اور سوشل ایپس کی جعل سازی پر نوٹس
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے معاملے کی تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
پاکستان میں غیر رجسٹرڈ کمپنیز اور سوشل ایپس کا سادہ لوح افراد کے ساتھ جعل سازی میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے نوٹس لے لیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے غیرقانونی کمپنیوں اور سوشل ایپس کی جعل سازی کے خلاف نوٹس کے بعد سینیٹ سیکریٹریٹ نے سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔ مراسلے کی نقل ڈی جی ایف ائی اے کو ارسال کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی میں جعلی ویب چینل کے جعلی نمائندے گرفتار
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اس معاملے کی تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ مراسلے میں ایس ای سی پی، اسٹیٹ بینک اور فنانس ڈویژن کو بھی معاملے کی چھان بین کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ معاملے کی تحقیقات ایف آئی اے سے کروا کر فوری رپورٹ پیش کی جائے۔
ادھر پاکستان میں عوام کو موبائل فون کے ذریعے بےوقوف بنانے کے واقعات عام ہیں۔ نوسرباز گیم شو کے نام سے موبائل فون صارفین کو انعامات کے جعلی پیغامات بھیجتے ہیں۔ چونکہ یہ پیغامات جھوٹے ہوتے ہیں اس لیے کئی لوگ اِن نوسربازوں کے جال میں پھنس کر خود کو لٹوا بیٹھتے ہیں۔
ملک کے مختلف تھانے اس طرح کی جعل سازی کے مقدمات بھرے پڑے ہیں جن کی تعداد دن بہ دن بڑھتی ہی جارہی ہے۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ ان جعل سازوں سے چھٹکارا دلایا جائے اور انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے۔









