حریم شاہ کی شادی اور ٹک ٹاک پر پابندی کیا حسین اتفاق ہے

ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی اور سیٹنگ منسٹر ہیں۔

ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک سے شہرت حاصل کرنے والی اسٹار حریم شاہ نے کہا ہے کہ انہوں نے شادی کرلی ہے مگر کیا حسین اتفاق ہے جس دن یہ اعلان سامنے آیا اس دن سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان بھر میں ٹک ٹاک پر پابندی لگادی ہے۔

اداکارہ، ماڈل اور ٹک ٹاکر حریم شاہ نے شادی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کے شوہر رکن سندھ اسمبلی ہیں، سیاسی طور پر ان کا وابستگی پاکستان پیپلزپارٹی سے اور وہ سندھ کے وزیر بھی ہیں، تاہم حریم شاہ نے فی الحال اپنے شوہر کا نام بتانے سے گریز کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

حریم شاہ نے شادی کرلی ہے؟

حریم شاہ کا کہنا ہے کہ ان کی شادی تقریباً ایک ہفتے قبل ہوئی تھی، تاہم شادی کے موقع پر یہ بات طے ہوئی تھی کہ ابھی شوہر کے نام کو ظاہر نہیں کرنا ہے، جب مناسب وقت ہوگا میرے شوہر خود شادی کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ میرے شوہر کی عمر کافی زیادہ ہے اور وہ پہلے سے شادی شدہ بھی ہیں۔ حریم شاہ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل عروسی لباس میں تصاویر دراصل ان کی شادی کی ہی ہیں۔

ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کا کہنا ہے کہ وہ جولائی میں اپنے شوہر کے ساتھ ترکی کا دورہ کریں گی۔

واضح رہے کہ ٹک ٹاکر اسٹار حریم شاہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں ایک خاتون اور ایک مرد کا ہاتھ دکھائی دے رہا تھا۔ تصویر میں مرد کی کلائی گھڑی اور ہاتھ کی انگلی میں انگوٹھی دکھائی دے رہی ہے۔

حریم شاہ کے اس بیان کے بعد سے سندھ حکومت کی کابینہ میں شامل پیپلز پارٹی کے وزرا سے اس بابت سوال کیا جا رہا ہے، جواباً ہر وزیر اپنا ہاتھ دکھا کر واضح کر رہا ہے کہ اس کا ہاتھ تصویر میں دکھائی دینے والے ہاتھ سے مختلف ہے۔ کچھ اراکین سندھ اسمبلی کا کہنا ہے کہ وہ انگوٹھی ہی نہیں پہنتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے اپنے ہاتھ دکھاتے ہوئے کہا کہ میرے ہاتھ صاف ہیں۔

اس حوالے سے جب ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب سے پوچھا گیا تو انہوں نے جھٹ اپنے ہاتھ کیمرے کے سامنے کیے اور صحافیوں سے کہا کہ ’ان کے ہاتھ صاف ہیں۔‘

حریم شاہ کی جانب سے شیئر کی گئی یہ تصویر بعد میں ڈیلیٹ کردی گئی تاہم جب ان سے اس بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ ان کا نکاح ہوگیا ہے۔

پیر کے سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران حریم شاہ کا بیان موضوع بحث بنارہا۔ اس بابت جب رہنما پیپلزپارٹی شہلا رضا سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ان کا ذاتی معاملہ ہے میں سمجھتی ہوں کہ ایوان میں اس طرح کی گفتگو مناسب نہیں ہے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کے بھائی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’الحمداللہ آپ ایم پی اے نہیں ہو۔‘

حریم شاہ کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نا رکنے والی بحث چل پڑی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ سندھ کا وزیر ہونا اور کراچی میں رہنے والے تو چار پانچ نام ہی رہ جاتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر پیپلزپارٹی کے ایک ایم پی اے ذوالفقار علی شاہ کا نام سامنے آیا تھا انہوں نے اس بات کی تردید کردی ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ یہ ایک حسین اتفاق یے کہ جس دن ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے اپنی شادی کا اعلان کیا اس دن سندھ ہائی کورٹ نے مذکورہ ایپ پر پابندی لگا دی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں ٹک ٹاک ایپ پر تیسری مرتبہ پابندی لگی ہے۔

متعلقہ تحاریر