ڈاکٹر خوش گپیوں میں مصروف،مریض پریشان

سوشل میڈیا صارفین نے ڈاکٹرز کے ڈیوٹی اوقات میں اسمارٹ فون کے استعمال پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔

سول اسپتال سکھر کے مریض رل گئے، نیوز 360 کو موصول ہونے والی ویڈیو میں ڈاکٹر صاحب اپنے موبائل فون پر خوش گپیوں میں مصروف نظر آئے جبکہ مریض مسیحا کے منتظر دکھائی دیئے۔

سکھر کے سول اسپتال کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جلدی امراض کے ڈاکٹر اشوک کمار آرام سے کرسی پر تشریف فرما ہیں اور موبائل فون پر باتوں میں مصروف ہیں۔ ان کے بائیں ہاتھ کی جانب ایک صاحب اپنے بچے کو گود میں لیے بیٹھے ہیں۔ ڈاکٹر صاحب کو اس بات کی کوئی فکر نہیں ہے کہ بچوں کے لواحقین کس کرب سے گزر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی

ویڈیو وائرل ہونے پر مختلف سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ایک نئی بحث چھڑگئی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ حکومت کو اس بات کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے اور ڈیوٹی کے دوران اسمارٹ فون کے استعمال پر پابندی عائد کی جانی چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسے ڈاکٹرز کو سخت سزا دی جانی چاہیے تاکہ آئندہ کوئی ڈاکٹر ڈیوٹی کے اوقات کے دوران مریضوں کے جذبات سے نہ کھیل سکے۔

پچھلے دنوں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سکھر کے سول اسپتال میں سہولیات کی عدم فراہمی پر انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

متعلقہ تحاریر