پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے انتخابات، نئی باڈی منتخب

چیئرمین سینیٹ نے انتخابی عمل کا جائزہ لیا۔

ایوان بالا اور ایوان زیریں کی کوریج کرنے والے صحافیوں کی تنظیم پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی (پی آر اے) کے انتخابات میں صدیق ساجد صدر اور آصف بشیر چوہدری سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت میں ہونے والے انتخابات میں فاؤنڈر پینل، ورکنگ جرنلسٹس پینل اور فرینڈز پینل نے حصہ لیا۔ الیکشن کے نتائج آنے کے بعد صدر کی کرسی چوہدری صدیق ساجد کے حصے میں آئی۔ نائب صدر احمد نواز، سیکرٹری جنرل آصف بشیر چوہدری، جوائنٹ سیکرٹری میاں منیر، فنانس سیکرٹری انتظار حیدری اور سیکرٹری اطلاعات کی نشست پر ملک سعید احمد کامیاب قرار پائے۔ گورننگ باڈی کے ممبران میں زاہد یعقوب خواجہ، اورنگزیب خان کاکڑ، عاصم یاسین، عائشہ ناز، صباح بجیر، رانا طارق اور حافظ عبدالماجد کو کامیاب قرار دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کھٹائی میں پڑنے کا خدشہ

دوران ووٹنگ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی پولنگ بوتھ آئے اورانتخابی عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی آر اے کی نومنتخب قیادت پارلیمان اور صحافیوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرئے گی۔ انتخابات مکمل ہونے پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔

اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پریس گیلری پارلیمان کا اہم جزو ہے، پارلیمان کی کارروائی کی رپورٹنگ کرنے والے صحافی عوام کے منتخب نمائندوں اور عوام کے مابین ایک پل کا کردار ادا کرکے اہم قومی ذمہ داری سر انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے پارلیمنٹ کی کارروائی کو عوام تک پہنچانے میں پی آر اے کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے فروغ اور جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے آزادی صحافت ضروری ہے۔

قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی اور سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے کامیاب عہدیدران کو مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیدران صحافیوں کے مسائل کو بھرپور انداز میں اجاگر کرکے متعلقہ فورم سے حل کیلئے معاون ثابت ہونگے۔

متعلقہ تحاریر