کراچی میں اسٹریٹ کرائمز 5 ماہ کی بلند ترین سطح پر

جون میں اسٹریٹ کرائمز کی مجموعی طور پر 6 ہزار 995 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔

شہر قائد میں جرائم کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ وارداتوں کی شرح نے پچھلے 5 ماہ کا ریکارڈ توڑ دیا۔  کراچی میں جون میں اسٹریٹ کرائمز کی مجموعی طور پر 6 ہزار 995 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔

لاک ڈاؤن میں نرمی ہوئی تو کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کا گراف بھی بڑھ گیا۔ مئی میں کم ہونے والے اسٹریٹ کرائمز کی شرح جون میں اتنی بڑھی کہ پچھلے 5 ماہ کا ریکارڈ ہی توڑ گئی۔ جون میں اسٹریٹ کرائم کی تقریباً 7 ہزار وارداتیں پولیس ریکارڈ کا حصہ بنیں۔

سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی (سی پی ایل سی) کے اعداد وشمار بتاتے ہیں کہ جون 2021 کے دوران کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی مجموعی طور پر 6 ہزار 995 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ جن میں سے موٹر سائیکل چوری کی 4 ہزار 248 اور موبائل فونز چھیننے کی 2 ہزار 155 وارداتیں ہوئیں۔ اسلحے کے زور پر موٹرسائیکل چھیننے کے443 جبکہ گاڑیاں چھیننے کے20 واقعات رپورٹ ہوئے۔ چور بھی شہریوں کی 129 گاڑیاں لے کر فرار ہوگئے۔

کراچی جرائم اضافہ

یہ بھی پڑھیے

کراچی میں جرائم بےقابو، پولیس اہلکار ٹک ٹاک میں مصروف

جون میں مئی کی نسبت گاڑیاں چھیننے کی وارداتوں میں 54 فیصد اضافہ ہوا۔ چوری کی وارداتیں 7 فیصد بڑھ گئیں۔ موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں میں 47 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ مئی کے مقابلے جون میں موبائل فونز بھی 4 فیصد زیادہ چھینے گئے۔ سی پی ایل سی کی رپورٹ کے مطابق شہر میں قتل کی 50  جبکہ بھتہ خوری کی بھی 2 وارداتیں سامنے آئی ہیں۔

سی پی ایل سی کی رپورٹ سے واضح ہوتا ہے کہ موٹرسائیکل لفٹنگ کی وارداتیں کراچی پولیس کے لیے درد سر بنی ہوئی ہیں۔  موٹر سائیکل لفٹنگ کی یومیہ اوسطاً وارداتوں کی تعداد 156 تک جاپہنچی ہے۔

متعلقہ تحاریر