بھارت کا پاکستان کے خلاف ایک اور سازش کا اعتراف
بھارتی وزیر خارجہ کے مطابق مودی حکومت نے پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کروایا۔
بھارت نے پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ میں برقرار رکھوانے کی اپنی سازش کا اعتراف کرلیا ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے کہا ہے کہ ان کی کوششوں کی بدولت ہی آج پاکستان پر ایف اے ٹی ایف کی تلوار لٹک رہی ہے۔
بھارتی وزیر خارجہ کا حالیہ بیان پاکستان کے اس موقف کی تائید کرتا ہے جس کے مطابق ایف اے ٹی ایف کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ کے اعتراف کے بعد پاکستان نے ایف اے ٹی ایف سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ جے ایس شنکر کا کہنا تھا کہ مودی حکومت نے پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کروایا۔ پاکستان پر دباؤ ڈالنے کے بعد ہی ان کے رویے میں تبدیلی آئی ہے۔
بھارتی وزیر خارجہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف میں بھارت کا منفی کردار ہمارے دیرینہ موقف کی تائید ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ نے اپنے ناپاک عزائم کا اعتراف کردیا ہے۔
Pakistan has always been highlighting the politicization of FATF & undermining of its processes by India. The recent statement by Indian EAM is further corroboration of India’s continued efforts to use an important technical forum for its political designs against Pakistan. 1/3 pic.twitter.com/4HYAnkcSpJ
— Spokesperson 🇵🇰 MoFA (@ForeignOfficePk) July 19, 2021
یہ بھی پڑھیے
لاہور دھماکے میں بھارت ملوث، کیا ایف اے ٹی ایف نوٹس لے گا؟
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے دنیا کو پہلے ہی آگاہ کردیا تھا کہ بھارت ایف اے ٹی ایف کو سیاسی بنارہا ہے۔ بیان کے مطابق پاکستان سنجیدگی سے ایف اے ٹی ایف کے پلان پر اقدامات کررہا ہے لیکن بھارت نے پاکستان کے ان اقدامات پر شکوک و شہبات پیدا کرنے کی سازش کی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنی ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان بھارتی وزیر خارجہ کے حالیہ اعتراف کو عالمی برادری اور ایف اے ٹی ایف کے سامنے لے جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اب بھارت کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔
Following the recent confession by Indian Government, India’s credentials for assessing Pakistan in FATF as co-chair of the Joint Group or for that matter any other country are subject to questions, which we urge FATF to look into. 3/3
— Spokesperson 🇵🇰 MoFA (@ForeignOfficePk) July 19, 2021
واضح رہے کہ ایف اے ٹی ایف کے گزشتہ ماہ کے اجلاس میں پاکستان کو 27 میں سے 26 اہداف حاصل کرنے کے باوجود گرے لسٹ میں برقرار رکھا گیا تھا جس پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایف اے ٹی ایف پر سوالات اٹھائے تھے۔