کراچی کا کچرا سندھ حکومت نہیں بین الاقوامی ادارے اٹھائیں گے

سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ، چینی کمپنی اور ہسپانوی کمپنی کے درمیان کراچی کا کچرا صاف کرنے کا 10 سالہ معاہدہ طے پاگیا

کراچی کا کچرا سندھ حکومت کے لیے درد سر بنتا جارہا ہے۔ کراچی کے ضلع کورنگی اور ضلع وسطی کی صفائی کے لیے سندھ حکومت ، چینی اور ہسپانوی کمپنیوں کے درمیان 10 سالہ معاہدہ طے پا گیا ہے۔

سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ، چینی اور ہسپانوی کمپنی کے درمیان دو الگ الگ معاہدے طے پائے ہیں۔ جن کمپنوں سے معاہدہ طے پایا ہے ان میں چینی کمپنی میسرز گنسو اور ہسپانوی کمپنی میسرز اربسر شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

عیدالاضحیٰ اور کرونا ڈیلٹا ویرینٹ، کراچی والے ہوشیار ہو جائیں

معاہدے کے مطابق چینی کمپنی میسرز گنسو کنسٹرکشن ہیوی انڈسٹری ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ کچرے سے بجلی پیدا کرنے کا 40 میگا واٹ کا پلانٹ لگائے گی۔

سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ اور ہسپانوی کمپنی میسر اربسر کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مطابق کمپنی ضلع وسطی سے کچرا اٹھانے کا کام کرے گی۔

معاہدے کے مطابق چینی اور ہسپانوی کمپنیاں کورنگی اور سینٹرل اضلاع سے 3 ہزار 500 ٹن کچرا اٹھائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چینی کمپنی اور ہسپانوی کمپنی کے درمیان معاہدہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں طے پایا تھا۔ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ، چینی اور ہسپانوی کمپنیوں نے دو الگ الگ ایم او یوز سائن کیے تھے۔

اجلاس میں وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، مشیر قانون اور ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب ، کمشنر کراچی نوید شیخ ، ایڈمنسٹریٹر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن لئیق احمد اور اسپیشل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ خالد چاچڑ نے شرکت کی، جبکہ چینی کمپنی کے سی ای او مسٹر لیو ڈونگوی، چیف ایگزیکٹو آفیسر گنسو پاکستان لیو تاؤ، ایم ڈی سندھ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیر چنہ اور ہسپانوی کمپنی اربسر کی جانب سے جمائم مارٹن نے شرکت کی۔ اجلاس میں چین کے قونصل جنرل لی بی جیان نے خصوصی شرکت کی۔

معاہدے کے حوالےسے تفصیلات بتاتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اب کراچی کے تمام اضلاع سے ایک یونیفارم پالیسی کے تحت کچرا اٹھانے کا آغاز کیا جائے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ کراچی کے کے ضلع وسطی اور کورنگی میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے زیر انتظام کچرا اٹھانے کے لئے ہسپانوی کمپنی اور چینی کمپنی سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے ضلع وسطی و کورنگی میں کچرا اُٹھانے کیلئے ہسپانوی اور چینی کمپنی سے معاہدہ پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع وسطی اور کورنگی میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے تحت کچرا اُٹھانے کا آغاز اسی ماہ میں ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع وسطی سے ہسپانوی کمپنی اور ضلع کورنگی سے چینی کمپنی سے کچرا اُٹھانے کا معاہدہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں شہر میں صفائی ستھرائی کا کام سائنٹفک خطوط پر منظم کیا جائے گا۔

متعلقہ تحاریر