نہال ہاشمی دونوں بیٹوں سمیت گرفتار

کراچی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور ممتاز قانون دان نہال ہاشمی کے قانون کی دھجیاں اُڑانے کے بعد ان کے بیٹے بھی والد کے نقش قدم پر چلنے لگے۔ والد اور دونوں بیٹوں پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

کراچی میں جھگڑا کرنے کے الزام میں پولیس نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی اور ان کے بیٹوں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر سینیٹر رہنے والے لیگی رہنما اور ممتاز قانون دان نہال ہاشمی کا کہنا ہے کہ بیٹوں کی گاڑی سے موٹر سائیکل کی ٹکر ہونے پر شہری سے تلخ کلامی ہوئی تھی۔ جھگڑے کی اطلاع ملنے پر جب تھانے پہنچا تو پولیس نے مجھے بھی حوالات میں بند کردیا۔

علاقہ پولیس نے ایس ای ایچ او کی مدعیت میں نہال ہاشمی اور ان کے بیٹوں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے جس میں قتل کی دھمکیاں اور کارسرکار میں مداخلت سمیت دیگر دفعات کو شامل کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نہال ہاشمی کے بیٹوں سمیت دوسرے فریق کو بھی جھگڑے کی وجہ سے گرفتار کیا تھا لیکن نہال ہاشمی نے تھانے پہنچ کر بدتمیزی کی تو انہیں بھی حراست میں لے لیا۔

یہ وہی نہال ہاشمی ہیں جنہوں نے 2017ء میں عدلیہ مخالف تقریرکی تھی جس کے بعد فروری 2018ء میں انہیں سپریم کورٹ نے توہین عدالت کا مرتکب قرا دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کو ایک ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی جس کے بعد وہ 5 سال کیلئے نااہل ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ توہین عدالت کے مقدمے میں زیادہ سے زیادہ سزا چھ ماہ قید اور جرمانہ ہے۔ البتہ سپریم کورٹ ماضی میں توہین عدالت کے ملزمان کو اس وقت تک جیل میں رہنے کا حکم جاری کرچکی ہے جب تک وہ اپنی اصلاح نہیں کرلیتے۔

متعلقہ تحاریر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے