جے ایس بینک کے عملے کا اپنے ہی بینک میں کروڑوں کا غبن
پولیس نے غبن کے الزام میں 8 افراد کو گرفتار کرلیا۔
کراچی میں بینک فراڈ کی انوکھی واردات سامنے آئی۔ جے ایس بینک کی 2 برانچز کے عملے نے اپنے ہی بینک کو کروڑوں روپے کا چونا لگا دیا۔ پولیس نے خاتون برانچ منیجر سمیت 8 افراد کو گرفتار کرلیا۔
لالچ بری بلا ہے لیکن یہ محاورہ جے ایس بینک کے ملازمین بھلا بیٹھے۔ کراچی میں جے ایس بینک یعنی جہانگیر صدیقی بینک کی 2 برانچز کے ملازمین کی آنکھوں پر ایسا پردہ پڑا کہ عملہ اپنے ہی ادارے کو چونا لگانے میں مصروف ہوگیا۔
جے ایس بینک کی گلشن اقبال اور گلستان جوہر برانچز میں اپنی نوعیت کی منفرد وارداتیں رونما ہوئیں۔ برانچ منیجرز نے عملے کے دیگر ارکان کے ساتھ مل کر لاکرز میں رکھے کسٹمرز کے اصل سونے کے زیورات جعلی سونے سے تبدیل کردیے۔ اسی سونے اور جعلی کسٹمرز کے ذریعے بینک سے کم و بیش75 کروڑ روپے قرض بھی حاصل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
گلستان جوہر بلاک 18 میں قائم جے ایس بینک میں واردات کا انکشاف 2اگست کو روٹین آڈٹ کے دوران ہوا۔ آڈٹ کے دوران برانچ کے لاکر میں رکھے سیل شدہ بیگز میں سے 50بیگز چیک کیے تو بیگز میں موجود زیورات نقلی پائے گئے۔ آڈٹ افسران نے فوری طور پر ہیڈ آفس کو مطلع کیا جس کے بعد اگلے روز دوبارہ علیحدہ آڈٹ ٹیم بھیجی گئی جس نے برانچ میں موجود 150 بیگز کو چیک کیا تو مزید زیورات آرٹیفیشل پائے گئے۔ ایف آئی آر کے مطابق بینک کے 28 کلائنٹس نے سونے کے زیورات رکھوا کر 55 کروڑ روپے کا قرض حاصل کیا۔ پولیس نے خاتون منیجر سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ واقعے کا مقدمہ ہیڈ آفس میں تعینات بینک کے اعلیٰ افسر ذوالفقار علی عابدی کی مدعیت میں شاہراہ فیصل تھانے میں درج کیا گیا ۔
کروڑوں روپے کے غبن کا معاملہ صرف گلستان جوہر تک ہی محدود نہیں رہا بلکہ جے ایس بینک کی گلشن اقبال برانچ کا عملہ بھی اسی نوعیت کی خرد برد میں ملوث نکلا۔ گلشن اقبال میں بیت المکرم مسجد کے قریب قائم جے ایس بینک کی برانچ میں غبن کا مقدمہ عزیز بھٹی تھانے میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق 11 کلائنٹس نے بینک کے افسران کی ملی بھگت سے اپنے سونے کے زیورات کے عوض 20 کروڑ 40 لاکھ روپے کا قرض حاصل کیا۔ واردات کا انکشاف 4 اگست کو آڈٹ کے دوران ہوا۔ بینک کے لاکر میں موجود سونے کے زیورات کے سیل شدہ بیگ چیک کیے گئے تو بیگز میں موجود زیورات اور سونا جعلی نکلا۔
پولیس نے مجموعی طور پر 8 ملزمان کو گرفتار کرکے 4 لگژری گاڑیاں بھی برآمد کرلیں جبکہ ایک خاتون کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔ ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ الطاف حسین نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 3 کلو 100 گرام سونا اور 20 لاکھ 30 ہزار کا کیش برآمد ہوا۔ مقدمات کی تفتیش میں مزید گرفتاریوں کا بھی امکان ہے۔