محرم الحرام: شبیہ اور تعزیوں سے واقعہ کربلا کی منظرکشی

شہر کے مختلف  مقامات  پر سبیلیں لگائی گئی ہیں۔ 

اسلام کی سربلندی کے لیے کربلا کے میدان میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے حضرت امام حسین ؓ اور ان کے ساتھیوں کی یاد میں آج یوم عاشور مذہبی عقیدت واحترام سے منایا جارہا ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں شبیہ اور تعزیے کے جلوس برآمد  ہورہے ہیں۔ کراچی کے  مختلف  مقامات پر سبیلیں لگائی گئی ہیں۔ 

محرم الحرام کی آمد کے ساتھ ہی دنیا بھر میں نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسین ؓ اور ان کے ساتھیوں کی یاد میں ذوالجناح، تعزیے اور شبیہ کے جلوس برآمد ہوتے ہیں اور سبیل کا انتظام کیا جاتا ہے۔ کراچی میں ہر سال کی طرح اس سال بھی شبیہ اور تعزیے بناکر واقعہ کربلا کی منظر کشی کی گئی ہے۔ عزاداروں کا کہنا ہے کہ شبیہ بنانے کا مقصد اپنی آنے والی نسل کو آگاہی دینا ہوتا ہے کہ کس طرح نبی کے نواسے اپنے معصوں بچوں اور ساتھیوں کے ساتھ کربلا کے میدان میں پہنچے اور حق کی جنگ  لڑی۔

یہ بھی پڑھیے

مندر کی مسماری، اسلامی نظریاتی کونسل کا قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ

یوم عاشور کی مناسبت سے رواں  سال  بھی حضرت امام حسین ؓ اور ان کے ساتھیوں کے روضے مبارک بنائے گئے ہیں۔ جبکہ حضرت امام حسین ؓ کے شیرخوار بیٹے علی اصغر کی شہادت کی یاد میں خوبصورت اور چھوٹے جھولے بھی تیار  کیے گئے ہیں۔

محرم الحرام کی آمد کے ساتھ سبیل لگانے کا بھی خاص انتظام کیا جاتا ہے جس کا مقصد لوگوں کو آگہی دینا ہے کہ یزید کی ظالم فوج نے کئی دنوں تک نبی کی آل کا پانی بند کردیا تھا۔

متعلقہ تحاریر