عام انتخابات سے قبل بلاول بھٹو زرداری کی عوامی رابطہ مہم
چیئرمین پیپلزپارٹی کراچی کے بعد اندرون سندھ کے دورے پر ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی نے عام انتخابات کی تیاری کے سلسلے میں عوامی رابطہ مہم شروع کردی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد اندرون سندھ کے دورے پر ہیں جہاں سے وہ اب جنوبی پنجاب جائیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے 3 سال مکمل ہونے پر پیپلزپارٹی نے انتخابات کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ اس سلسلے میں چیئرمین پی پی 5 روزہ سندھ کے دورے پر ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری مقامی پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے علاوہ کارنر میٹنگز میں بھی شریک ہورہے ہیں۔
ٹنڈوالہیار: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بکیرا شریف پر مثالی عوامی استقبال@BBhuttoZardari pic.twitter.com/oR42M0Ko2I
— PPP (@MediaCellPPP) August 28, 2021
یہ بھی پڑھیے
شبلی فراز اور صوبائی وزراء کی سگریٹ نوشی کی ویڈیو وائرل
بلاول بھٹو زرداری نے اب تک بدین، ٹھٹھہ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، نوابشاہ، سکھر اور خیرپور کا دورہ کیا ہے۔ مختلف مقامات پرچیئرمین پیپلزپارٹی کا شاندار استقبال کیا گیا اور انہیں ریلیوں کی شکل میں جلسہ گاہ تک پہنچایا گیا۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کوٹ ڈیجی، خیرپور میں ورکرز کنونشن سے خطاب، کارکنان کی بڑی تعداد میں شرکت@BBhuttoZardari pic.twitter.com/nUVNb9u5fS
— PPP (@MediaCellPPP) August 29, 2021
اندرون سندھ کے بعد بلاول بھٹو 2 ستمبر سے جنوبی پنجاب کے دورے پر روانہ ہوں گے جہاں وہ مختلف علاقوں میں کارنر میٹنگز میں شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ پارٹی رہنماؤں کو مزید فعال انداز میں کام کرنے کے لیے ٹاسک بھی دیں گے۔
پیپلزپارٹی کے مطابق ملتان ایئرپورٹ پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور دیگر رہنماؤں کی سربراہی میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا والہانہ استقبال کیا جائے گا۔ بلاول کے دورہ جنوبی پنجاب کو حالیہ ملکی سیاست میں اہم قرار دیا جارہا ہے۔
سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم سے علحیدگی کے باعث پیپلزپارٹی کوئی سیاسی طاقت کا مظاہرہ نہیں کر رہی تھی، ایسے میں بلاول بھٹو زرداری کی عوامی رابطہ مہم پی ڈی ایم رہنماؤں کے علاوہ حکومت کے لیے بھی پریشان کن ہے۔
پچھلے 8 سالوں میں نہ تو اٹھارویں ترمیم پر عمل ہوا اور نہ ہی این ایف سی ایوارڈ دیا گیا۔
ان سب کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے محدود وسائل اور پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت صوبے میں بیشتر ترقیاتی کام کروائے جو ہماری خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔@BBhuttoZardari
5/5 pic.twitter.com/vELTPo97Mt— PPP (@MediaCellPPP) August 30, 2021
تجزیہ نگاروں کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی کا دورہ جنوبی پنجاب ملکی سیاست میں اہم تبدیلی لا سکتا ہے۔ ملتان یا بہاولپور میں پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین یا ان کے کسی ساتھی کی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات ہوسکتی ہے۔
سیاسی تجزیہ نگار کہتے ہیں کہ بلاول بھٹو زرداری عوامی رابطہ مہم کے ذریعے انتخابات کی تیاری کرنے والے پہلے سیاستدان بن گئے ہیں۔ اب دیکھنا ہوگا کہ ان کے حریف بھی میدان میں اترتے ہیں یا پھر وہ پیپلزپارٹی کا مقابلہ کسی اور میدان میں کریں گے۔