پارٹی ایک ترجمان تین
ملک احمد خان 2018 کے عام انتخابات میں قصور سے دوسری مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے رکن پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کو اپنا ترجمان مقرر کردیا ہے۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق لیگی رہنما کے اس اقدام سے ایسا ظاہر ہورہا ہے جیسے (ن) لیگ تحریک انصاف کے اندر چلنے والی ترجمانوں کی دوڑ کا اثر لے رہی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شہباز شریف نے اپنی پوسٹ میں ملک احمد خان کو اپنا ترجمان مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ ٹوئٹ میں لکھا کہ انہیں یہ بتاتے ہوئے نہایت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ اب سے ملک محمد احمد خان ان کے ترجمان ہوں گے۔ ٹوئٹر پوسٹ میں صدر (ن) لیگ نے اس حوالے سے جاری کیے جانے والے نوٹیفکیشن کو بھی شیئر کیا۔
I am happy to announce that Malik Ahmad Khan @MalikMAhmadKhan will be my spokesperson. He served as special assistant to Chief Minister Punjab on Information and Culture during my tenure as CM and did a remarkable job. pic.twitter.com/H1ATfLDlVB
— President PMLN (@president_pmln) September 2, 2021
یہ بھی پڑھیے
مریم نواز نے شہباز شریف کو مشکل میں ڈال دیا
ملک احمد خان 2018 کے عام انتخابات میں قصور سے دوسری مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ شہباز شریف کے دور میں انہوں نے بطور ترجمان پنجاب حکومت بھی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔
(ن) لیگ کے اس اہم اقدام کے بارے میں سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اب تک ترجمانوں کی فوج صرف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں دکھائی دیتی تھی لیکن اب (ن) لیگ بھی اسی رنگ میں رنگ گئی ہے۔ یعنی یہ پارٹی بھی ترجمانوں کی دوڑ میں شامل ہوگئی ہے۔ جیسا کہ قائد (ن) لیگ نواز شریف اور پارٹی کی نائب صدر مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر ہیں۔ پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب ہیں اور اب شہباز شریف کے ترجمان ملک احمد خان بھی میدان میں آگئے ہیں۔
سیاسی تجزیہ نگاروں نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا (ن) لیگ میں ترجمانوں کی کوئی ریس لگی ہوئی ہے جو ایک کے بعد ایک نام سامنے آرہے ہیں۔ موجودہ حالات تو یہ بتارہے ہیں کہ اگلے کچھ دنوں میں شاید حمزہ شہباز بھی اپنا کوئی ترجمان مقرر کردیں گے۔