ملک میں غیر اخلاقی ویب سائٹ کی بندش کو یقینی بنایا جائے، وزیراعظم
وزیراعظم نے کہا ہے ہمیں اپنے نوجوانوں بالخصوص بچوں کو آن لائن دستیاب غیراخلاقی مواد سے بچانے کی ضرورت ہے

وزیراعظم عمران خان متعلقہ حکام کو ملک میں فحش ویب سائٹس کی فوری بندش کی ہدایت کردی ، متعلقہ ادارے آن لائن مواد کی موثر گیٹ کیپنگ کو یقینی بنائیں تاکہ معصوم دماغوں کو آن لائن غیر اخلاقی اور فحش مواد کے اثر سے بچایا جا سکے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت ملک میں فحش ویب سائٹس کو بلاک کرنے سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں بالخصوص بچوں کو آن لائن دستیاب غیر اخلاقی مواد سے بچانے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستانیوں نے گوگل پر فحش مواد نہیں پالتو جانوروں کی معلومات سرچ کیں
فحش فلمیں بنانے کے الزام میں شلپا شیٹی کے شوہر گرفتار
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ”جدید ٹیکنالوجی کے دورمیں نسلِ نو کی کردار سازی بہت اہم ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے آلات اور 3G/4G انٹرنیٹ کے پھیلاؤ نے لوگوں کی ہر قسم کے مواد تک رسائی ممکن بنا دی ہے۔ ایسے میں نوجوان نسل کو غیر اخلاقی اور فحش مواد سے محفوظ رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
اس سے قبل وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا تھا کہ مواد کی ترسیل کے نیٹ ورکس (سی ڈی این) خاص طور پر کلاؤڈ فیئر ، انٹرنیٹ ٹریفک کے کل شیئر کا 1-2 فیصد حصہ رکھتے ہیں ، انہیں فحش مواد پیش کرنے کی شکایات ہیں۔ دیگر سی ڈی این اپنی پالیسیوں کے مطابق فحش مواد پیش نہیں کرتے۔
وزیراعظم کو یہ بھی بتایا گیا کہ پی ٹی اے کو آئی ایس پیز/سی ڈی اینز کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ سی ڈی این ، خاص طور پر کلاؤڈ فیئر کے ذریعے فحش مواد کو روکا جا سکے۔ پی ٹی اے کو اپنے ویئر ہاؤس مینجمنٹ سسٹم (ڈبلیو ایم ایس) کی استعداد کو بڑھانے کی بھی ضرورت ہے تاکہ فحش ویب سائٹس کے کچھ عالمی اور باقاعدگی سے اپ ڈیٹ شدہ ڈیٹا بیس کے ساتھ انضمام کرکے انہیں یو آر ایل اور ڈومین کی سطح پر بلاک کیا جا سکے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ٹی اے اس منصوبے کی فزیبلٹی پر کام کر رہا ہے جس کا نفاذ دو ماہ کی مدت میں ممکن ہو سکے گا۔ اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمن ، چیئرمین نیاٹیل راشد خان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔









