تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی کو رہا کردیا گیا

سعد رضوی کل اپنے والد علامہ خادم حسین رضوی کے عرس کی تقریبات میں شریک ہوں گے، عرس کی تقریبات 21 نومبر تک جاری رہیں گی۔

پاکستان تحریک لبیک (ٹی ایل پی) کے سربراہ حافظ سعد رضوی کو رہا کردیا گیا ہے۔ سعد رضوی کو رواں سال اپریل میں گرفتار کیا گیا تھا۔ 

ترجمان تحریک لبیک پاکستان کے جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق حافظ سعد رضوی کو کوٹ لکھپت جیل سےرہا کردیا گیا ہے۔ ترجمان تحریک لبیک پاکستان کا کہنا ہے کہ رہائی کے بعد سعد رضوی مسجد رحمت للعالمین پہنچ گئے۔

یہ بھی پڑھیے

فوادچوہدری نے اپوزیشن میں بھی نئی قیادت کی پیش گوئی کردی

سعد رضوی کل اپنے والد علامہ خادم حسین رضوی کے عرس کی تقریبات میں شریک ہوں گے، عرس کی تقریبات 21 نومبر تک جاری رہیں گی۔

محکمہ داخلہ کے ذرائع کے مطابق سعد رضوی کو پہلی بار اپریل 2021 میں ایک ماہ کیلئے نظربندکیاگیا، انہیں ڈی سی کے حکم پر نظربندکیاگیاتھا اور نظربندی کےدوران سعدرضوی کانام فورتھ شیڈول میں شامل کیاگیا۔

خیال رہے کہ حکومت اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے درمیان معاہدے کے بعد ان کی رہائی عمل میں آئی ہے۔

قبل ازیں محکمہ داخلہ پنجاب نے تنظیم کے سربراہ سعد رضوی کی رہائی کے خلاف پنجاب حکومت کی جانب سے دائراپیل واپس لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے سعد رضوی پر درج 98 مقدمات کی فہرست بھی وفاقی وزارت داخلہ کو بھجوا ئی تھی اور وزارت داخلہ نے دہشت گردی کے مقدمات ختم کرنے سے متعلق وزارت قانون سے مشاورت بھی کی تھی۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ وفاقی حکومت اور ٹی ایل پی کی قیادت کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد سعد رضوی کا رہائی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ مذاکرات کے بعد پنجاب حکومت کو سعد رضوی کی رہائی کے لیے مراسلہ ارسال کیا گیا تھا۔ جو کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ان کو آج کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔

3 نومبر کو حکومت نے ٹی ایل پی کے سربراہ کی نظربندی کے خلاف دائر درخواست واپس لے لی تھی۔ وکیل برہان معظم کا کہنا ہے ڈیٹنشن آرڈر کے 90 دن گزرنے کی وجہ سے درخواست غیرموثر ہو گئی تھی۔

متعلقہ تحاریر