بنی گالہ کے اخراجات کیلیے کبھی ایک پیسہ نہیں دیا،جہانگیر ترین

نئے پاکستان کیلیے اپنی استطاعت کے مطابق تحریک انصاف کی جس حد تک مدد کرسکتا تھا کی،پی ٹی آئی رہنما

بنی گالہ  کے اخراجات کیلیے کبھی ایک پیسہ نہیں دیا، تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد  کے الزام کی تردید کردی۔

جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین احمد نے گزشتہ دنوں ایک ٹی وی شو میں الزام عائد کیا تھا کہ عمران  خان کا بنی گالہ کا گھر چلانے کے لیے جہانگیر ترین جیسے لوگ 30 لاکھ روپے ماہانہ دیا کرتے تھے، بعد میں یہ رقم 50 لاکھ روپے ماہانہ کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سوچ بالکل غلط ہے کہ عمران خان کوئی دیانت دار آدمی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے
جہانگیر ترین کا وزیراعظم سے انصاف کا مطالبہ

جہانگیر ترین گروپ پنجاب حکومت کے لیے خطرہ

 

جہانگیر ترین نے اپنے وضاحتی ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ  میرے اور عمران خان کے تعلقات کی موجودہ حیثیت   جو بھی ہو لیکن  سچ بولنا چاہیے ۔انہوں نے لکھا کہ نئے پاکستان کے حصول  کیلیے میں اپنی استطاعت کے مطابق تحریک انصاف کی جس حد تک مدد کرسکتا تھا کی، لیکن بنی گالہ کے گھریلو اخراجات کیلیے میں  نے کبھی ایک پیسہ نہیں دیا۔انہوں نے لکھا کہ وضاحت کا مقصد صرف ریکارڈ درست کرنا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعدادنے سچ بولنے پر جہانگیر ترین کی تعریف کی ہے لیکن صارفین کی بڑی  تعداد نے انہیں تنقیدکا نشانہ بھی بنایا ہے۔ایک صارف نے لکھا کہ عادی جھوٹے کی بات پر کبھی بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے بھی جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد کے الزام کی تردید کی تھی۔انہوں نے جسٹس وجیہہ الدین کے بیان کو جھوٹا اور غیرمنطقی قرار دیا تھا۔

شہباز گل نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ایک طرف یہی لوگ جانتے ہیں اور کہتے ہیں کہ عمران خان چائے کے ساتھ بسکٹ نہیں دیتا اور دوسری طرف یہ بتا رہے ہیں کہ عمران خان کے گھر کا خرچہ30 لاکھ تھا پھر 50 لاکھ ہو گیا۔

واضح رہے کہ جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد تحریک انصاف کے سرکردہ رہنما تھے۔ 2013 کے انٹرا پارٹی الیکشن میں دھاندلی کی شکایات کے بعد پارٹی چیئرمین عمران خان نے انہیں 2 رکنی تحقیقاتی کمیشن کا سربراہ بنایا تھا۔جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے جہانگیر ترین، عبدالعلیم خان اورپرویز خٹک کو دھاندلی کا ذمے قرار دیا تھا۔ تاہم پارٹی قیادت کی جانب سے تحقیقات کے نتائج کو سنجیدہ نہ لینے پر انہوں نے تحریک انصاف کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

متعلقہ تحاریر