نواز شریف کے خلاف ایک اور پرچی کٹ گئی، غداری کا مقدمہ درج

لاہور: یکے بعد دیگر مقدمات سے کا سامنا کرنے والے (ن) لیگ کے قائد نواز شریف کے خلاف ایک اور پرچی کٹ گئی۔ نواز شریف، مریم نواز اور دیگر پارٹی قائدین کے خلاف بغاوت کیلئے اکسانے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے تھانہ شاہدرہ میں بدر رشید نامی شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمے کی ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ نواز شریف نے مقتدر حلقوں کے خلاف گفتگو کی اور عوام کو بغاوت پر اکسایا۔ نواز شریف نے اپنی تقاریر میں دشمن ملک بھارت کی ڈکلیئر پالیسی کی تائید کی۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق اشتعال انگیز تقاریر کے ذریعے اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسایا گیا۔ نواز شریف نیب قوانین کے تحت سزا یافتہ مجرم ہیں۔ ملکی قوانین سزا یافتہ مجرم کو ایسی تقاریر اور اقدامات کی اجازت نہیں دیتے۔

مقدمے میں نواز شریف اور مریم نواز کے علاوہ شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، ایاز صادق، خرم دستگیر، اقبال ظفر جھگڑا، احسن اقبال، پرویز رشید، خواجہ آصف، رانا ثناءاللہ، ظفرالحق، شیخ آفتاب، بیگم نجمہ وحید، بیگم ذکیہ شاہنواز، طارق رزاق چوہدری، شیزا فاطمہ، جاوید عباسی، مہتاب عباسی، جاوید لطیف اور اصلاح الدین ترمذیکو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ نواز شریف کو اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کے بعد حکومتی حلقوں کی جانب سے ملک دشمنی کے الزامات کا سامنا ہے۔

متعلقہ تحاریر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے