سلیم صافی کا وزیراعظم پر5 صحافیوں کی گرفتاری کا حکم دینے کا الزام

وزیراعظم نے حکم دیا ہے کہ میرے، نجم سیٹھی، حامد میر، عاصمہ شیرازی اور مرتضیٰ سولنگی کیخلاف مواد جمع کیا جائے،سینئر اینکر پرسن کا دعویٰ: وزیراعظم اور محسن بیگ میں تنازع کی وجہ بھی بتادی

سینئر صحافی اور اینکر پرسن سلیم صافی نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 5صحافیوں کی گرفتاری کیلیے مواد جمع کرنے کے احکاما جاری کردیے ۔

 

سینئر صحافی اور اینکر پرسن  سلیم صافی نے جیو نیوز کے پروگرام  آج شاہزیب خاندازہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان اور ان کے سابقہ دوست محسن بیگ کے درمیان ناراضی کی وجوہات بھی بتادیں۔

یہ بھی پڑھیے

محسن بیگ صحافی ہیں یا نہیں ، صحافی خود الجھ پڑے

سیشن عدالت نے صحافی محسن بیگ کے گھر پر چھاپہ غیرقانونی قرار دے دیا

سلیم صافی نے بتایا کہ  محسن بیگ کا دعویٰ ہے کہ وہ وزیراعظم کے رویے اور ان کے طرز حکمرانی کو دیکھ کر مایوس ہوگئے تھے جبکہ جیو اور جنگ گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان اور ڈان نیوز کے حمید ہارون کی گرفتاری کے احکامات ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔انہوں نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ  میڈیا سے تعلق نہیں بگاڑنا چاہیے، اس کے بعد انہوں نے وزیراعظم میسیج کرکے رابطہ ختم کردیا۔

سلیم صافی کے مطابق حکومتی ترجمانوں کایہ دعویٰ ہے کہ  محسن بیگ ایک روسی کمپنی  کیلیے ٹھیکہ لینا چاہتے ہیں لیکن ان کی بات نہیں مانی گئی تو وہ ناراض ہوگئے اور وزیراعظم عمران خان کیخلاف مہم شروع کردی۔

سلیم صافی نے دعویٰ کیا ہے کہ محسن بیگ کو ایک سال پہلے ایف آئی اے کے ذریعے علم ہوچکا تھا کہ وزیراعظم نے ان کیخلاف کارروائی کے احکامات جاری کیے ہیں  جس کے بعد وہ کئی ماہ لندن میں رہے اور واپس آنے کے بعد وہ حکومت کیخلاف سرگرم ہوگئے ۔انہوں نے نہ صرف ٹاک شوز میں حکومت کیخلا ف باتیں کیں بلکہ حکومت مخالف سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں شروع کردیں۔

 سلیم صافی نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم کا یہ خیال تھا کہ محسن بیگ عملی اور سیاسی طور پر ان کیخلاف متحرک ہوگئے ہیں کیونکہ جہانگیر ترین سے ان کی دوستی  ہے اور لیگی قیادت کے بھی خاصے قریب ہوگئے  ہیں۔

سلیم صافی نے الزام عائد کیا کہ  وزیراعظم عمران خان نے صرف محسن بیگ ہی نہیں  بلکہ میری(سلیم صافی)، نجم سیٹھی،حامد میر،عاصمہ شیرازی اور مرتضیٰ سولنگی جیسے لوگوں کیخلاف مواد جمع کرکے ان کی گرفتاری کے احکامات  جاری کردیے ہیں۔

دوسری جانب ذرائع نے نیوز 360 کو بتایا ہے کہ ایف آئی اے کو مراد سعید اور بشریٰ بی بی کی کردار کشی کی مہم چلانے والے 80افراد کے نام موصول ہوچکے ہیں جن میں سے 6 افراد کو اب تک گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ آئندہ دنوں میں مزید گرفتاریاں بھی کی جائیں گی۔

متعلقہ تحاریر