یوکرین میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلیے تیاری مکمل

پی آئی اے نے بوئنگ طیارہ مختص کردیا، پولینڈ سے پاکستانیوں کو بذریعہ ہوائی جہاز پاکستان لایا جائے گا، پروازوں کے شیڈول کا اعلان جلد ہوگا۔

سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے یوکرین میں پھنسے پاکستانی طالبعلموں کے انخلا کے لیے طیارہ بھیجنے کی تیاری کر لی ہے، طلبا کے پولینڈ پہنچتے ہی پرواز روانہ کر دی جائے گی۔

حکومت پاکستان نے پی آئی اے کو ہدایت کی تھی کہ یوکرین میں موجود پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

قومی ایئرلائن نے ایک بوئنگ 777 طیارہ پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے مختص کر دیا ہے، پروازوں کا شیڈول جلد جاری کر دیا جائے گا۔

یوکرین میں پاکستانی سفیر میجر جنرل (ر) نوئیل کھوکھر اور ایئر مارشل ارشد ملک کے درمیان رابطہ بھی ہوچکا ہے۔

یوکرین میں دو ہزار پاکستانی طالبعلم موجود ہیں جنہیں ٹرنوپل میں قائم پاکستانی سفارتخانہ پولینڈ منتقل کرے گا۔

دوسری طرف پولینڈ میں موجود پاکستانی سفارتخانے نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی شہری 15 دن میں زمینی راستے کے ذریعے یوکرین سے پولینڈ آسکتے ہیں۔

سفارتخانے نے ان تمام پاکستانیوں کے لیے کورونا وائرس کی پابندیوں اور ویکسی نیشن کی شرائط بھی معطل کر دی ہیں۔

یوکرین میں موجود پاکستانی سفارتخانے نے ملک میں پھسنے تمام پاکستانی طلبا کو فوری طور پر ٹرنوپل شہر پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے۔

پاکستانی سفارتخانے نے بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ سفارتخانہ ٹرنوپل میں مکمل طور پر فعال ہے، دارالحکومت کیف میں طلبا کی سہولت کیلیے ایک فوکل پرسن بھی مقرر کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ تحاریر