دس دنوں میں آرمی چیف کی وزیراعظم سے دوسری اہم ملاقات

وزیراعظم کا یورپی یونین صدر سے بھی ٹیلیفونک رابطہ، پنجاب میں سیاسی بھونچال، عمران خان کی اگلی حکمت عملی کیا ہوگی؟

آج وزیراعظم عمران خان سے  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات ہوئی ہے۔ دونوں سربراہان کے درمیان پچھلے دس دن میں ہونے والی یہ دوسری ملاقات ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور سپہ سالار کی ملاقات میں ملکی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

قبل ازیں، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ یورپی یونین کے صدر نے وزیراعظم عمران خان سے روس یوکرین تنازع میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کی درخواست کردی۔

ذرائع وزیراعظم ہاؤس کے مطابق عمران خان اور یورپی یونین کے صدر کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔

ٹیلیفونک رابطے کے حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے مابین روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع سے متعلق گفتگو ہوئی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز میلسی میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ کیا ہم مغربی ممالک کے غلام ہیں جو ان کی بات مانیں؟

واضح رہے کہ اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد سے متعلق حکومت پر دباؤ بڑھا دیا ہے اور پنجاب میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہوچکی ہیں۔

آج پی ٹی آئی پنجاب کے رہنما علیم خان اپنے 40 حلیف اراکین صوبائی اسمبلی کے ہمراہ جہانگیر ترین کی رہائشگاہ پہنچے اور ترین گروپ میں شمولیت اختیار کرلی۔

اس تمام قومی اور بین الاقوامی تناظر میں وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات کو بہت اہم تصور کیا جارہا ہے۔

دیکھنا ہوگا کہ آنے والے دنوں میں اپوزیشن کا لائحہ عمل مزید جارحانہ ہوتا ہے یا حکومت اسے کوئی ڈیل پیش کرے گی۔

دوسری طرف یہ بھی اہم ہے کہ وزیراعظم سے روس یوکرین میں ثالثی کی درخواست پر دفتر خارجہ اہم کردار ادا کرے گا یا عسکری رہنما۔

متعلقہ تحاریر