بلاول بھٹو کی دھمکی پر شیخ رشید کی جوابی دھمکی

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے اگر کسی مائی کے لعل میں جرات ہے تو او آئی سی کانفرنس میں رخنہ ڈال کر دکھائے اس کی چیخیں آسمان سنے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے حزب اختلاف کی دھمکی پر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی مائی کے لعل میں جرات ہے تو او آئی سی اجلاس میں رخنہ ڈال کر دکھائے اس کی چیخیں آسمان تک جائیں گی۔

بلاول بھٹو زرداری کی دھمکی اور او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس کے تناظر میں کی جانے والی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف نے 8 مارچ کو قومی اسمبلی کے سیکریٹریٹ میں تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی ، لیکن اس کے بعد اسمبلی میں قرار داد پیش کی گئی کہ اسمبلی حال ان ایام میں وزارت خارجہ کی زیرنگرانی ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے

سپریم کورٹ نے سندھ ہاؤس اسلام آباد پر حملے کا نوٹس لے لیا

صحافی کا کسی پارٹی کا حصہ بننا بدقسمتی ہے، اینکر پرسن عاصمہ شیزاری

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 254 کے تحت اسپیکر اسمبلی اجلاس کو ملتوی نہیں کرسکتا تاہم حالات کو دیکھتے ہوئے اجلاس کو آگے لے جاسکتا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کے ابھی سیاست کے دودھ کے دانت گرے نہیں ہیں اور وہ دھمکیاں دے رہے ہیں۔ بلاول بھٹو کہہ رہے ہیں کہ اگر اسمبلی اجلاس نہ بلایا تو دھرنا دیں گے اور او آئی سی کانفرنس کو سبوتاژ کریں گے۔

شیخ رشید نے واہشگاف الفاظ میں دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی مائی کے لعل میں ہمت ہے تو او آئی سی کانفرنس میں رخنہ ڈال کر دکھائے اس کی چیخیں آسمان تک جائیں گی۔ او آئی سی کانفرنس کو ناکام بنانے والوں پر تین مرتبہ لعنت بھیجتا ہوں ، یہ لوگ اپنی شکلیں دیکھیں ، کسی کا باپ بھی کانفرنس نہیں روک سکتا۔

سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سیاست اس وقت صرف ٹی وی پر ہورہی ہے اصل سیاست 27 مارچ کے بعد شروع ہو گی۔ 27 مارچ کو حکومت اور اپوزیشن اسلام آباد میں جلسے کرنا چاہتی ہیں۔ حکومت اور اپوزیشن 27 کے جلسے کے لیے ڈی سی کے پاس درخواست جمع کرا دیں۔ اگر کوئی تصادم ہوا تو اپوزیشن کے خلاف مقدمات قائم کیے جائیں گے۔ اگر کوئی جانی یا مالی نقصان ہوا تو حزب اختلاف کی لیڈرشپ کو نہیں چھوڑوں گا۔

متعلقہ تحاریر