او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس، چینی وزیرخارجہ حاضر ، افغان وزیرخارجہ غیرحاضر
پاکستان میں ہونے والی 48ویں کانفرنس کا موضوع "اتحاد، انصاف اور ترقی کے لیے شراکت" ہے۔
پاکستان کی میزبانی میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا 2 روزہ 48واں اجلاس آج سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شروع ہونے جارہا ہے۔ اجلاس میں خصوصی شرکت کے لیے چینی وزیرخارجہ گذشتہ پاکستان پہنچے تھے جبکہ افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی غیرحاضر ہیں، امریکا کی اسلامی ممالک کے لیے نامزد سفیر عزرہ زویا بھی تشریف لاچکی ہیں۔
دو روزہ او آئی سی کی وزرائے خارجہ کانفرنس میں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل جناب حسین برہم طحہ ، رکن ممالک اور مبصر ممالک کے وزرائے خارجہ اور معززین سیشن میں شرکت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے
کامران خان نے حکومت کی تبدیلی میں فوج اور سیاستدانوں کے گٹھ جوڑ کو عیاں کردیا
فوج کیخلاف مہم ملک دشمن اکاؤنٹس سے چلائی جارہی ہے،فواد چوہدری
23 مارچ کو یوم پاکستان پریڈ میں تمام معزز مہمانان شرکت کریں گے جبکہ چین کے اسٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ وانگ یی بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اجلاس میں غیراو آئی سی ممالک کے اعلیٰ حکام اور بین الاقوامی تنظیموں کے سینئر رہنما بھی شرکت کریں گے۔
او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے وزیراعظم عمران خان بھی خطاب کریں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزرائے خارجہ کانفرنس کی صدارت کریں گے۔
گذشتہ روز اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے سیکرٹری جنرل جناب حسین برہم طحہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی تھی ، دونوں رہنماؤں نے اسلامی وزرائے خارجہ کانفرنس کے ایجنڈے کا جائزہ لیا تھا۔ دونوں رہنماؤں نے مسلم امہ کو درپیش مسائل اور ان کے سدباب کے لیے اقدامات کا جائزہ بھی لیا تھا۔
پاکستان میں ہونے والی 48ویں کانفرنس کا موضوع "اتحاد، انصاف اور ترقی کے لیے شراکت” ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سیکریٹری جنرل او آئی سی نے اجلاس کو کامیاب بنانے کےلیے تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔
دونوں رہنماؤں نے 48ویں اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کی جانے والی اہم قراردادوں پر بھی غور کیا ۔ فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور اور افغانستان کی صورتحال سمیت مسلم دنیا کے لیے تشویش کے مختلف موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان کی تقرری کو سراہا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی قبضے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف وزریوں سے او آئی سی کے سیکریٹری خارجہ کا آگاہ کیا۔
اس موقع پر اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے سیکرٹری جنرل جناب حسین برہم طحہ نے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔









