نواز شریف قوم پر احسان کریں ، کاوے موسوی کے خلاف کیس فائل کریں

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے مریم نواز صاحبہ قوم سے 65 ملین پاؤند کا حساب نہ مانگیں بلکہ اپنے والد کو مشورہ دیں کہ وہ براڈ شیٹ کے خلاف برطانوی عدالت میں کیس فائل کریں۔

برطانوی ادارے براڈ شیٹ کے سربراہ کاوے موسوی نے پاکستانی ادارے نیب کی درخواست پر نواز شریف کے خلاف اپنی جھوٹی تحقیقات اور الزامات پر سابق وزیراعظم سے معافی مانگ لی ہے، تاہم اب دیکھنا یہ ہے کہ میاں نواز شریف کب برطانوی عدالت میں کاوے موسوی کے خلاف کیس فائل کرتے ہیں۔

حکومت پاکستان نے اُن تمام تحقیقات کی مد میں کاوے موسوی کو 65 ملین پاؤنڈ کی ادائیگی کی تھی۔ جو پاکستانی روپے میں تقریباً ساڑھے 15 ارب روپے سے زیادہ بنتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

ہماری عظمت کا نشان مینار پاکستان ، تعمیر اور تاریخی پس منظر

جلسوں میں فوج مخالف بیانیہ، ملاقاتوں میں سر بسجود

سابق وزیراعظم نواز شریف پاکستان کا حقیقی لیڈر ہونے کا ثبوت دیں اور برطانوی عدالت میں کاوے موسوی کے خلاف کیس فائل کریں ، اور وہ پیسہ جو حکومت پاکستان نے کاوے موسوے کو ایک جھوٹی تحقیقات کے سلسلے میں ادا کیا تھا ، وہ پیسہ پاکستان واپس لائیں۔

براڈ شیٹ کے سربراہ کاوے موسوی نے اپنی تحقیقات میں یہ الزامات لگائے تھے کہ انہوں نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے کہنے پر نواز شریف سمیت کئی دیگر پاکستانی سیاستدانوں کے لاکھوں ڈالر کے اثاثوں کا پتا لگایا تھا۔

گذشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر کا انٹرویو دیتے ہوئے کاوے موسوی نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف سے معافی مانگی۔

انہوں نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں یہ بات دعوے سے کہہ سکتا ہوں کہ گذشتہ 20 سال کی تحقیقات کے دوران نواز شریف سمیت ان کے خاندان کے کسی فرد کے خلاف ایک روپے کی کرپشن کا ثبوت نہیں مل سکا۔

اپنے انٹرویو میں کاوے موسوی کا مزید کہنا تھا کہ اس دعوے میں کوئی شک نہیں کہ نیب نے سابق وزیراعظم کے خلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمات بنائے ، تاہم میں اس نظام کا حصہ بننے پر نواز شریف سے معافی کا درخواست گزار ہوں۔

گذشتہ روز مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کاوے موسوی کو سلام پیش کیا تھا اور کاوے موسوی کی معافی کو عمران خان کے منہ تھپڑ قرار دیا تھا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے لکھا ہے کہ "ذرا حساب لگائیے اور بتائیے 65 ملین پاؤنڈز پاکستانی روپے میں کتنا بنتا ہے؟”

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کاوے موسوی نے 20 سال نیب کے کہنے پر سابق وزیراعظم نواز شریف اور دیگر کے خلاف کارروائیاں کیں جس کا کچھ حاصل وصول نہیں ہوا الٹا پاکستان کو کاوے موسوی کو 65 ملین پاؤنڈ کی ادائیگی کی گئی ۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کاوے موسوی نے اچھا بچہ ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے نواز شریف سے معافی مانگ لی ہے اور میاں شہباز شریف نے انہیں ان کی جرات پر سلام پیش کیا ہے ۔ اصل میں تو کاوے موسوی کو سلام پیش کرنے کی ضرورت ہی ہے ۔ کاوے موسوی نے اعتراف جرم کرلیا اور وہ کیمرے کے سامنے اعتراف جرم کیا ہے ۔ یہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی  ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ کاوے موسوی کے خلاف برطانوی عدالت میں کیس فائل کریں اور عدالت کے ذریعے وہ 65 ملین واپس نکلوائیں جو حکومت پاکستان نے کاوے موسوی کو ان کی خدمات کی مد میں دیے تھے۔ نواز شریف سچے پاکستانی ہونے کا ثبوت دیں جس کا وہ دعویٰ بھی کرتےہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے ساتھ جو کچھ بھی ہوا غلط ہوا ، قطعیٰ نظر اس کے کہ اس کے پیچھے کون کون تھا۔ پاکستان کو کاوے موسوی کے ضمیر کے جاگنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ وہ 65 ملین پاؤنڈ کی ضرورت ہے جو انہیں بغیر کسی خدمت کے ادا کیے گئے تھے۔ مریم نواز صاحبہ قوم سے یہ سوال نہ کریں کہ 65 ملین پاؤنڈ کتنے ہوتے ہیں بلکہ وہ اپنے والد محترم کو مشورہ دیں کہ وہ کاوے موسوی کے خلاف کیس فائل کریں اور پیسے نکلوائیں، ورنہ قوم یہ سمجھنے میں حق بجانب ہو گی کہ کاوے موسوی کے ضمیر کو جگانے کے پیچھے بھی پیسے کی چمک کا کمال ہے۔

متعلقہ تحاریر