یوم پاکستان، پاک بحریہ کے 16 افسران عسکری اعزازات کیلیے نامزد

پاک بحریہ کے تمام جہازوں اور تنصیبات پر یوم پاکستان کی روایتی تقاریب کا اہتمام، نیول افسران نے مرکزی پریڈ میں بھی حصہ لیا۔

پاک بحریہ نے یومِ پاکستان روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ دن کا آغاز توپوں کی سلامی اور وطن عزیز کی سالمیت اور استحکام کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔

یوم پاکستان پر پاک بحریہ کے تمام جہازوں اورتنصیبات میں روایتی انداز میں پرچم کشائی کی تقریبات اور چراغاں کا اہتمام کیا گیا۔

یوم پاکستان پریڈ کا انعقاد شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں کیا گیا۔ پاک بحریہ کا چاک و چوبند دستہ بھی اس جوائنٹ سروسز پریڈ کا حصہ تھا۔

پریڈ میں پاک بحریہ کی خواتین افسران، اسپیشل سروسز گروپ (نیوی) اور پاک بحریہ بینڈ نے شرکت کی۔

علاوہ ازیں پاک بحریہ کے جہازوں P3C Orion ،Z-9 EC اور سی کنگ ہیلی کاپٹروں نے پریڈ کے دوران شاندار فلائی پاسٹ کامظاہرہ کیا۔

اسپیشل سروسز گروپ (نیوی) کے پیراٹروپرز پر مشتمل پاکستان نیوی سی ایگل کی ٹیم ٹرائی سروسز اسکائی ڈائیونگ ٹیم کا حصہ تھی۔

دن کی دیگر سرگرمیوں کے دوران اورماڑہ اور گوادر میں مقامی ماہی گیروں کی بوٹ ریس، مباحثوں کے مقابلے اور بحریہ کالجز کے طلباء کی جانب سے پاکستان زندہ باد ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

ان تقریبات میں مقامی لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کے لیے اعزازات کی منظوری دی۔

پاکستان نیوی کے افسران کو 3 ہلال امتیاز (ملٹری)، 7 ستارہ امتیاز (ملٹری)، 5 تمغہ امتیاز (ملٹری) اور ایک تمغہ بسالت دیا جائے گا۔

پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی شاندار کارکردگی پر چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی کی جانب سے 40 ستائشی اسناد کا اعلان بھی کیا گیا۔

بحرین میں HQ NAVCENT میں بھی یوم پاکستان کی تقریب منعقد کی گئی۔ پاکستان کی قیادت میں کمانڈ ٹاسک فورس-150 نے یوم پاکستان روایتی جوش و خروش سے منایا۔

تقریب میں شراکت دار ممالک کے افسران، جوانوں اور سینئر دفاعی عہدیداران نے شرکت کی۔

متعلقہ تحاریر